محترمہ بانو قدسیہ صاحبہ

محترم مرزا محمد الیاس صاحب

یو ایم ٹی کا سفر تو کئی بار بیان ہوا ہے، آج دو چار باتیں الگ سے محترمہ بانو آپا کی موجودگی میں کرنا چاہوں گا۔ سب سے پہلے تو میں انھیں خوش آمدید کہتا ہوں کہ انھوں نے عزت بخشی اور ہمیں اس قابل سمجھا کہ ہماری دعوت پر یہاں تشریف لائیں، ہم ان کے تہہ دل سے شکر گزار اور ممنون ہوں، ان سے سیکھنے کے لیے، ان سے استفادہ کے لیے آج یہاں ہم سب موجود ہیں۔

یہ جو ہمارا سفر ہے، میں سمجھتا ہوں کہ ہم ایک دوسرے کو جانیں، سمجھیں ، ایک دوسرے کے ساتھ بات کریں اور ہمارے درمیان جوان دیکھے Barriers ہیں، رکاوٹیں ہیں، اس کو دور کریں۔ یہ بات میں اس لیے بھی کہہ رہا ہوں کہ ہر چیز اور ہر علم یہیں سے شروع ہوتا ہے کہ جاننے والا کیا جانتا ہے اور کیا نہیں جانتا۔ اگر آپ کو میں یاد کرائوں تو جب حضرت جبرئیل علیہ السلام نے ’’اقراء‘‘ کا لفظ بولا تو نبی کریمؐ نے ، جن سے زیادہ باخبر، جن سے زیادہ با علم اس دنیا میں نہ کوئی ہوا اور نہ ہوگا۔ انھوں نے ایک جملہ فرمایا کہ میں نہیں جانتا، میں پڑھنا نہیں جانتا۔

آغاز اسی بات سے ہوتا ہے کہ میں نہیں جانتا یا میں، نہیں جان سکتا۔ جو اس بات سے آغاز کرتا ہے میں جانتا ہوں، وہ کچھ نہیں جانتا۔ غالباً یہی بات سقراط نے کہی تھی۔ سقراط نے یہی بات اس طرح کہی تھی کہ جاننے والے اور نہ جاننے والے میں جو بنیادی فرق ہے وہ یہ ہے کہ جاننے والا جانتا ہے کہ وہ کیا نہیں جانتا اور نہ جاننے والا جانتا ہے کہ وہ سب کچھ جانتا ہے سفر یہیں سے شروع ہوتا ہے کہ ہم کیا جانتے ہیں اور کیا نہیں جانتے۔ جب ہم کہتے کہ ہم جانتے ہیں، ہم سمجھتے ہیں تو پہلا سوال یہ اٹھتا ہے کہ ہم اپنے بارے میں کیا جانتے ہیں، اپنی ذات کے بارے میں کیا جانتے ہیں۔ ہمیں روزانہ ایسے انکشافات ملتے ہیں کہ آپ ایسے ہیں، آپ ایسے ہیں، اور واقعی کئی بار ہم حیران رہ جاتے ہیں کہ کیا واقعی ہم ایسے ہیں، گویا ہم اپنے آپ کو بھی نہیں جانتے۔ یہ جو جاننے کا سفر ہے اس کے بارے میں اگر آپ اسکالر کو پڑھیں، علمائے کرام کو پڑھیں تو ہمیں یہ بات سمجھاتے کہ اگر آپ نے اپنے آپ کو جاننا ہے تو اپنے سامنے والے کو جانیں۔ اس کو اس طرح جانیے کہ آپ اس کی جگہ موجود ہیں۔ آپ اپنی ’’میں‘‘ کو ایک سائیڈ پر رکھیے، اس کو کہیں گم کر دیجئے اور جو اس کی’’میں‘‘ ہے، جو اس کی انا ہے، جو عزت ہے، جو اس کا علم ہے اس کے اندر جا کے دیکھے۔ ہم جب دوسروں سے ملتے ہیں، ہم یہ ذہن لے کر ملتے ہیں کہ میرا اپنا ہے۔ میں اوپر ہوں، میں بالادست ہوں، مجھ سے اوپر وہ نہیں ہے جسے میں ملتا جا رہا ہوں، جس سے میں بات کروں گا، وہ مجھ سے چھوٹا ہے، گویا ہم اس کو جو کچھ کہہ رہے ہیں ، وہ ہم خود ہیں۔ ہم اس دوسرے کو نہیں جانتے تو اپنے آپ کو نہیں جانتے اور یہیں سے وہ سارے سفر شروع شروع ہوتے ہیں جس کو ہم انصاف بھی کہتے ہیں، جس کو ہم مساوات بھی کہتے ہیں، جس کو ہم معاشرت بھی کہتے ہیں، جس کو علم حاصل کرنا بھی کہتے ہیں اور ہم تقسیم کرنا بھی جانتے ہیں۔

جب ایک صاحب ایک کتاب لکھ دیتا ہے تووہ اپنا علم ہمارے حوالے کرتا ہے کہ میں یہاں تک تھا، میں اس سے آگے نہیں ہوں ، اگر میں اس سے آگے ہوں گا تو کوئی دوسری چیز سامنے آئے گی۔ فی الحال جو کچھ میں نے آپ کے سامنے پیش کیا، جو کتاب آپ کے سامنے کھولی ہے یا جس کے اوراق آپ پڑھنے لگے ہیں، میں یہیں تک ہوں۔ اب اس سے آگے کا سفر آپ نے مجھے بتانا ہے۔ آپ میری انگلی نہیں پکڑ رہے ہیں، میں آپ کی انگلی پکڑ رہا ہوں اور میں آپ کی انگلی پکڑ کر چلنا چاہتا ہوں کہ اس راستے پہ چلا اور سیکھا کیسے جاتا ہے۔

جب ہم یہاں پہ ان شخصیات کو دعوت دیتے ہیں تو ہم اسی خیال اور اسی جذبے سے دعوت دیتے ہیں کہ ہم کچھ نہیں جانتے، ہمارا دامن خالی ہے، ہمارے پاس ٹوٹے پھوٹے الفاظ بھی نہیں ہیں ، ہم محض ایک محفل نہیں لگاتے، چند دوستوں کو بلا کرناشتہ نہیں کراتے، ہمارا مقصد یہ ہے کہ سب سے پہلے یہ اعتراف کریں کہ واقعی ہم جاننا چاہتے ہیں ، ہم آپ کے علم میں، آپ کے تجربے، جس طرح سے دنیا کو آپ نے دیکھا ہے، جس طرح دنیا کو آپ نے سمجھا اور جس طرح دنیا کو آپ نے اپنی تحریر کے ذریعے ہم تک منتقل کیا، اس سارے سارے سفر کو جاننا چاہتے ہیں تاکہ ہمارے اندر بھی ایسے لوگ، ایسے نہ جاننے والے آگے بڑھیں جو یہاں سے جذبہ لیں، یہاں سے تحریک لیں اور ان کو پتا ہو کہ یہ جو دوسرے کو جاننے کا عمل ہے، دوسرو ں کو عزت دینے کا عمل ہے دوسروں کے ساتھ انصاف کرنے کا جو عمل ہے، یہ دراصل اپنے ساتھ انصاف کرنے کا عمل ہے، یہ اپنے آپ کو ان کے برابر لانے کا عمل ہے، یہ ایک دوسرے کو سمجھنے اور سمجھانے کا عمل ہے۔

آپ یہ دیکھیں کہ اگر ایک دانشور اکیلا رہ جاتا ہے اپنی سوچ میں اور اس کی سوچ کسی قوم پر یا کسی ملک پر حاوی ہو جاتی ہے تو وہ قوم بھی دنیا میں اکیلی رہ جاتی ہے۔ یہ بالکل اسی طرح ہے کہ جب ایک عالم دین اپنے علم میں اکیلا رہ جاتا ہے ، اس کے پاس شیئر کرنے کے لیے، دوسروں کی بات کو سننے کے لیے کوئی حوصلہ نہیں رہتا تو اس کی تنہائی دین کے لیے مسئلہ بنتی ہے اور یہ ہر جگہ اسی طرح سے ہے کہ ہم ان تنہائیوں کو، یہ جو اکلاپے ہیں، یہ جو اکیلا رہنے کی عادتیں ہیں، ان عادتوں کا ہم تدارک کریں۔ ہم اس کا کوئی حل سوچیں، ہم سوچیں کہ جو تنہائیاں مجلسوں میں ہم اپنے کاندھوں پر لیے پھرتے ہیں، ان کو اتار پھینکیں ، ہم اپنی تنہائیوں کو اپنی ذات کے حوالے سے پرے کر دیں اور ہم ان جلوتوں کا حصہ بن جائیں جو علم کی جلوتیں ہیں، جو جاننے اور آگے بڑھنے کی جولتیں ہیں لیکن شرط یہی ہے کہ جاننا ہے تو اس خیال کے ساتھ اور اس جذبے کے ساتھ جاننا ہے کہ ہم کچھ نہیں جانتے۔ اگر ہم اس پر چل پڑے تو یقین کریں کہ ہمارے تنازعات آدھے سے بھی آدھے رہ جائیں گے۔ ہمارے بلاوجہ کے لڑائی جھگڑے آدھے سے بھی آدھے رہ جائیں گے جب ہم دوسرے کو تسلیم کرنا شروع کر دیں گے۔ جب ہم دوسرے کو ماننا اور جب دوسرے کا احترام کرنا شروع کر دیں گے۔

مجھے امید ہے کہ ہماری اس محفل سے، اس مجلس سے یہ پیغام جائے تو ہم اپنے لیے، اپنی قوم کے لیے اور انسانیت کے لیے کوئی اچھا کام کر رہے ہیں ، اگر ہم ایسا نہیں کر سکتے تو ہمیں اس کے بارے میں سوچنا چاہیے کہ ہمارا راستہ کہیں کھوٹا تو نہیں ہو رہا۔

محترم ڈاکٹر عمرانہ مشتاق صاحبہ

خواتین و حضرات ! سب سے پہلے میں یو ایم ٹی پریس فورم کی جانب سے آپ تمام حضرات کا شکریہ ۔ آپ کی محبتوں کا شکریہ! تقریباً ایک سال ہونے کو آرہا ہے ہماری اس ادبی محفل کو سجتے ہوئے اور آپ میں بعض ایسی شخصیات ہیں، ایسی ہستیاں ہیں جو پہلے دن سے ہمارے ساتھ ہیں اور شاید انھی کی وجہ سے ہمارے حوصلے اتنے بلند ہوئے۔ آپ کی محبت، آپ کا خلوص ہمیں اسی طرح چاہیے، جبھی ہم کامیاب ہیں۔ آپ کی دعائوں کے بھی ہم طالب ہیں اور سامنے جتنی ہستیاں بیٹھی ہیں، یہ وہ ہیں جو کہ خود ایک بہت بڑی انجمن ہیں، جو ہماری درخواست پر تشریف لے آتی ہیں۔ اس سے ہمارا حوصلہ بہت بڑھ جاتا ہے اور ہم اگلے فنکشن کی تیاری میں مصروف ہو جاتے ہیں۔ بہرحال آپ کی آمد کا بے حد شکریہ!

یو ایم ٹی پریس فورم کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ آج ہم نے ایسی ہستی کو دعوت دی ہے جو ادبی دنیا کی تو ماں کی حیثیت رکھتی ہی ہیں، میں سمجھتی ہوں کہ یہ پوری قوم کی ماں کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انھوں نے قوم کی تربیت ایک ماں کی طرح اپنی تحریروں سے، اپنے ناولز سے کی کہ شاید اچھی سے اچھی ماں بھی اس طرح کامیاب نہ ہو سکے لیکن بانو آپا اپنی تحریروں سے پاکستانی قوم، پاکستانی مائوں اور پاکستانی عورت کی تربیت میں کوشاں رہتی ہیں اور انھی کی تربیت کا نتیجہ ہے کہ آج بہت سارے آپ جیسے لوگ یہاں موجود ہیں۔

ایسی شخصیات کا تعارف بہت مشکل ہوتا ہے اور ظاہر ہے بانو آپا بھی انھی میں سے ایک ہیں۔ ہماری کیا مجال کہ ہم تعارف کرائیں لیکن ایک رسم ہے اس تقریب کی، کہ جس معزز شخصیت کو ہم دعوت دیتے ہیں، اس کا ہم ایک چھوٹا ساتعارف رکھتے ہیں تاکہ وہ بچے جو نئے آتے ہیں ۔ جو ابھی ادب کے ساتھ منسلک ہونے کی کوشش کر رہے ہیں ، ان کو تھوڑا سا ایک تعارف مل جائے آنے والی شخصیت کا۔

بانو قدسیہ ناول نگار، افسانہ نگار اور ڈرامہ نگار اور دانشور ہیں۔ اردو ادب خاص کر ناول نگاری میں خواتین رائٹرز کا بہت بڑا کردار ہے، جن میں قرۃ العین حیدر ، عصمت چغتائی، جمیلہ ہاشمی ، خدیجہ مسعود اور بانو قدسیہ بڑے بڑے نام ہیں۔ بانو قدسیہ 28 نومبر 1928ء کو مشرقی پنجاب ضلع فیروزپور میں پیدا ہوئیں۔ تقسیم ہند کے بعد لاہور آگئیں۔ ان کے والد بدرالزماں ایک گورنمنٹ فرم کے ڈائریکٹر تھے اور ان کا انتقال 31 سال کی عمر میں ہو گیا تھا۔ اس وقت ان کی والدہ محترمہ کی عمر صرف 28برس تھی۔ بانو قدسیہ کی عمر اس وقت ساڑھے تین سال تھی۔ ان کا ایک ہی بھائی پرویز تھا جن کا انتقال ہو چکا ہے۔

بانو قدسیہ نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی قصبے میں ہی حاصل کی۔ انھیں بچپن سے ہی کہانیاں لکھنے کا شوق تھا۔ بانو قدسیہ نے ایف اے اسلامیہ کالج لاہور جبکہ بی اے کنیڈ کالج لاہور سے کیا۔ جس وقت انھوں نے بی اے کا امتحان 1947ء کے فسادات کی آگ پھیل چکی تھی۔ اس آگ کے دریا میں بانو قدسیہ بی اے کے پیپرز دینے کے لیے ایف سی کالج لاہور جاتی رہیں، کیونکہ فسادات کی وجہ سے کنیڈ کالج میں امتحانی سنٹر نہ کھل سکتا تھا۔ بہرحال بانو قدسیہ نے بی اے کا امتحان جیسے تیسے دے ہی دیا۔

ادھر فسادات پھیلتے چلے گئے۔ وہ اپنے خاندان کے ہمراہ گرداسپور میں، جہاں مسلمانوں کی اکثریت تھی، مطمئن تھیں کہ یہ حصہ پاکستان میں آئے گا مگر رات بارہ بجے اعلان ہو گیا کہ گرداسپور پاکستان کا حصہ نہیں ہے۔ چنانچہ بانو قدسیہ اپنے کنبے کے ہمراہ … پہنچیں۔جہاں سے قافلے نکلتے تھے۔ اکثر قافلے رات کو سکھوں اور ہندوئوں کے ظلم و بربریت کا شکار ہو جاتے تھے۔ بانو قدسیہ کا آدھا قافلہ بھی قتل ہو گیا۔ بانو قدسیہ کے خاندان کے تین نفوس بانو قدسیہ، ان کی والدہ اور بھائی بچ گئے تھے، دوسرے رشتے دار تمام کے تمام شہید کر دیئے گئے۔

پاکستان پہنچ کر بانو قدسیہ کو بی اے کے رزلٹ کا پتا چلا، جس میں بانو قدسیہ کو کامیابی ملی تھی۔ 1949ء میں انھوں نے گورنمنٹ کالج لاہور میں ایم اے اردو میں داخلہ لیا۔ یہاں اشفاق احمد خاں ان کے کلاس فیلو تھے۔ دونوں کی مشترکہ دلچسپی ادب پڑھنا اور لکھنا تھا۔ دسمبر 1956ء میں بانو قدسیہ کی شادی اشفاق احمد خاں سے ہوگئی۔ شادی کے بعد دنوں رائٹرز اپنے کام میں جُت گئے۔ ایک سال بعد انھوں نے ایک ادبی رسائلے ’’داستان گو‘‘ کا اجرا کیا۔ جس کے تمام کام خود کرتے تھے، رسالے کا سرورق بانو قدسیہ کے بھائی پرویز کا فن کمال ہوتا تھا، جو کہ ایک آرٹسٹ ہوتے تھے۔ چار سال بعد ’’داستان گو‘‘ کا سلسلہ چلا، پھر اسے بند کرنا پڑا۔ اشفاق احمد ریڈیو کے سکرپٹ رائٹر تھے، وہ دونوں ریڈیو کے لیے ڈرامے لکھا کرتے تھے۔ ’’تلقین شاہ‘‘ 1962ء میں آیا۔ اس کے ساتھ ساتھ اشفاق احمد ایک جریدے ’’لیل و نہار‘‘ کے ایڈیٹر بھی تھے۔

جب ٹیلی ویژن ملک میں آیا تو اس کے لیے بھی اشفاق احمد اور بانو قدسیہ مسلسل لکھنے لگے۔ اشفاق احمد کی سیریل ختم ہوتی تو بانو قدسیہ کی سیریل شروع ہو جاتی۔ ریڈیو اور ٹی وی پر بانو قدسیہ اور اشفاق احمد نصف صدی سے زائد عرصے تک اپنے رنگ دکھاتے رہے۔ ٹی وی پر بانو قدسیہ کی پہلی ڈرامہ سیریل ’’صدا‘‘ تھی جبکہ اشفاق احمد کی پہلی ڈرامہ سیریل ۔۔۔۔تھی۔ بانو قدسیہ کو پنجابی میں لکھنے کا تجربہ ریڈیو کے زمانے میں ہی ہوا۔ ریڈیو پر انھوں نے 1965ء تک لکھا، کیونکہ پی ٹی وی نے انھیں بے حد مصروف کر دیا۔ بانو قدسیہ نے ٹی وی کے لیے کئی سیریلز ڈرامے تحریر کیے ، جن میں ’’دھوپ چلی‘‘ خانہ بدوش اور پیا نام کا دیا شامل ہیں۔

ماڈل ٹائون کے داستان سرائے میں اشفاق احمد اور بانو قدسیہ کی یادیں بھری ہوئی ہیں۔ ان دونوں کا تخلیقی سفر جیسے جیسے طے ہوتا گیا، داستان سرائے کے نقوش اُبھرے گئے۔ آج داستان سرائے دونوں کی شب و روز محنت کا امین ہے۔ بانو قدسیہ نے ٹیلی ویژن اور سٹیچ کے لیے اردو اور پنجاب میں ڈرامے بھی لکھے۔ وہ ادبی ناول نگاری میں بھی ایک نمایاں مقام رکھتی ہیں۔ بانو قدسیہ کے اساتذہ میں صوفی غلام مصطفیٰ تبسم، آفتاب احمد، ڈاکٹر عنایت اللہ اور غلام محی الدین اسد جیسی شخصیات شامل ہیں۔

بانو قدسیہ کو بچپن ہی سے کہانیاں لکھنے کا شوق تھا۔ جب وہ چوتھی جماعت میں پڑھتی تھیں کہ انموں نے پہلی کہانی لکھی اور آٹھویں جماعت میں انھوں نے پہلا ڈرامہ تحریر کیا جو پورے پنجاب میں پہلے نمبر پر آیا۔ بانو قدسیہ کا پہلا افسانہ 1949ء کو ادبِ لطیف میں شائع ہوا، اس کے بعد بانو قدسیہ بہت سارے ناول، کہانیاں اور ڈرامے لکھ چکی ہیں جو کہ 38 سے زائد کتابوں پر مشتمل ہیں۔ بانو قدسیہ کو ان کے ناول ’’راجہ گدھ‘‘ سے بہت پذیرائی جو 1981ء میں شائع ہوا اور اردو کے بڑے ناولوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

’’راجہ گدھ‘‘ ایسا ناول ہے جو قاری کو اپنی گرفت میں لے لیتا ہے۔ اس سے پہلے بانو قدسیہ کا ناول پروہ چھپ چکا تھا۔ ’’شہر بے مثال‘‘ جو لاہور کے حوالے سے ہے، وہ بھی چھپ چکا تھا۔ ’’راجہ گدھ‘‘ اپنے مضبوط کرداروں اور اپنے موضوع کے حوالے سے سب سے زیادہ پڑھا جانے والا ناول ہے۔ راجہ گدھ مڈل کلاس کی جواں نسل کے لیے ہی دلچسپی کا باعث نہیں ہے کہ ناول کے بنیادی کردار یونیورسٹی کی کلاس میں دوسروں سے آشنا ہوتے ہیں بلکہ اس کی کشش کا باعث ہے کہ بانو قدسیہ نے جذبات اور اقدار کے بحران کو اپنے ناول کا موضوع بنایا اور اسلامی اخلاقیات کی عدم وابستگی کو اس انتشار کا سبب اور اور ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔کا طریقہ نجات بتایا ہے۔ اس کے حرام اور حلال کے موضوع کو جس طرح روحانی، انسانی اور وجدانی سطح پر انھوں نے Touch کیا، یہ انھی کا کمال ہے۔ اس کے پندرہ سے زیادہ ایڈیشن چھپ چکے ہیں۔ بانو قدسیہ کو اپنے افسانہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔سے بھی راجہ گدھ کی طرح خوب پذیرائی ملی۔ راجہ گدھ کی تخلیق کے بارے میں بانو قدسیہ کا کہنا ہے کہ ناول لکھنے سے پہلے کی بات ہے کہ ہمارے ہاں ایک امریکی لڑکا ٹھہرا ہوا تھا۔ اس کی ہر وقت یہی کوشش اور اصرار تھا کہ امریکی تہذیب، امریکی طرزِ زندگی اور امریکی انداز زندگی اسلام سے بہتر ہے۔ اس نے بانو قدسیہ سے کہا کہ مجھے بتائیں کہ اسلام کا جوہر کیا ہے؟ انھوں نے کہا کہ آپ بتائو کے عیسائیت کا جوہر کیا ہے؟ تو وہ کہنے لگا کہ عیسائیت کا جوہر محبت ہے۔ بانو قدسیہ نے اس پر کہا کہ اسلام کا جوہر اخوت، برابری اور بھائی چارہ ہے۔ اس نے کہا کہ مجھے کسی نے نہیں بتایا کہ برابری ہونی چاہیے، یہ کوئی جوہر نہیں ہے۔

خیر وہ تو چلا گیا لیکن اس کے بعد بانو کہتی ہیں کہ ہمارے گھر میں ایک بہت بڑا درخت ہوتا تھا، سندری کا درخت جس سے سارنگی بنتی ہے، اس کے بڑے بڑے پتے سفید ہوگئے۔ اس پر مجھے یوں لگا جیسے لکھا ہوا ہے، اسلام کا جوہر حرام اور حلال ہے۔ چنانچہ اس امریکی لڑکے کو میں نے بلایا اور کہا کہ یاد رکھنا اسلام حلال اور حرام کی تمیز دیتا ہے اور یہی ا س کا جوہر ہے۔

بانو قدسیہ کہتی ہیں کہ اس کے بعد میں نے کتاب لکھی اور میں آپ کو بتا نہیں سکتی کہ کس طرح اللہ نے میری رہنمائی کی اور میری مدد فرمائی اور مجھے لگتا ہے کہ یہ کتاب میں نے نہیں لکھی، مجھ سے کسی نے لکھوائی ہے۔

بانو قدسیہ کی ادبی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے انھیں ستارہ امتیاز، ہلال امتیاز اور کمال فن کے تمام ایوارڈ مل چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹی وی ڈراموں پر بھی انھوں نے کئی ایوارڈ اپنے نام کیے۔ بانو قدسیہ کے اب تک ناول، اور ڈراموں پر مشتمل جو کتابیں آچکی ہیں، ان کے نام کچھ یوں ہیں:

آتش زیرپا

آسے پاسے

دست بستہ

حاصل گڑھ

آدی واس

بازگشت

دوسرا دروازہ

ہوا کے نام

ایک دن

چہار چمن

دوسرا قدم

ہجرتوں کے درمیان

امبربیل

چھوٹا شہر بڑے لوگ

فٹ پاتھ کی گھاس

کچھ اور نہیں

لگن اپنی اپنی

مراد بریشم

موم کی گلیاں

ناقابل ذکر

پیا نام کا دیا

پروہ

 پروہ اور ایک دن

راجہ گدھ

سامان وجود

شہر بے مثال

شہر لازوال

آباد ویرانے

سورج مکھی

تماثیل

سدراں

توجہ تعلیم

یہ تو تھا بانو قدسیہ کا مختصر تعارف ۔ میں بانو آپا کی ذاتی طور پر بہت مشکور ہوں کہ جب منیر نیازی کی وفات کے بعد میری کتاب منظر عام پر آئی اور میرا خیال ہے منیر نیازی کی یادوں کے حوالے سے لکھی جانے والی ابھی تک یہ ایک ہی کتاب ہے۔ ویسے تو ان کی وفات کے بعد ان کے بارے میں بہت سی کتابیں آئیں مگر مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ منیر نیازی کی وفات کے فوراً بعد جو کتاب منظر عام پر آئی وہ میری تھی اور اس سے بڑا اعزا ز یہ ہے کہ اس کا دیباچہ بانو قدسیہ نے لکھا۔ میں اظہر جاوید صاحب کے ساتھ جب ان کے دولت خانے پر حاضر ہوئی تو بہت خوش ہوئیں۔ انھوں نے مجھے پیار دیا۔ ان دنوں ان کے لیے پڑھنا تھوڑا سا مشکل تھا تو آپ یقین جانیے، بانو آپا نے میرا مسودہ دھوپ میں بیٹھ کر پڑھا اور پھر اس کو اتنی محبت سے لکھا کہ وہ میری زندگی کا بہت بڑا سرمایہ ہے۔ آج بھی میں اپنی کتاب کھولتی ہوں، بانو آپا کا لکھا ہوا اپنے بارے میں دیکھتی ہوں تو یقین جانیے خوشی سے میری آنکھوں میں آنسو آجاتے ہیں کہ اتنی بڑی شخصیت جس نے میرے لیے اتنے خوبصورت الفاظ لکھے۔ یہ بانو قدسیہ کی میرے لیے نہیں، سبھی کے لیے محبت ہے کہ جو بھی ان کے در پر حاضری دیتا ہے، اس کو خالی نہیں لوٹاتیں۔ ہم بانو آپا کے بہت مشکور بھی ہیں اور انھیں خوش آمدید بھی کہتے ہیں۔

آمنہ صاحبہ

بہت شکریہ عمرانہ آپا۔ ہم سب مل کے آپ لوگوں کو بہت بور کر چکے ہیں۔ ظاہر ہے آپ لوگ یہاں اپنی مصروفیات چھوڑ کر ہماری باتیں سننے کے لیے تو نہیں آئے، یقینا آپ بانو آپا کی گفتگو سننے اور ان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے آئے ہیں، میرا بولنے کو بہت جی چاہ رہا ہے کیونکہ اشفاق احمد اور بانو آپا سے ایک تعلق رہا لیکن میں اپنی اس خواہش کو دبائوں گی۔ بانو آپ کے در سے سب سے بڑی چیز جو ملی وہ یہ تھی کہ محبت کر کے نبھائی کیسے جاتی ہے۔ لگی کو نبھانا اگر کسی کو آتا ہے تو وہ میرے خیال میں آج کے دور میں میری آپا ہیں۔ میں چاہوں گی کہ آپا جو بھی کہنا چاہتی ہیں، جو بھی چیز ہمارے سٹوڈنٹس سے، ہمارے معزز مہمانوں سے شیئر کرنا چاہیں، شیئر کریں۔ اس کے بعد حفیظ احمد صاحب، اثیر احمد خاں صاحب موجود ہیں ، ریاض صاحب موجود ہیں اور نور موجود ہیں، ان کو نیچے بٹھا دیا ہے، ان کو تو میری کرسی پر ہونا چاہیے۔ وہ نیچے بیٹھ گئے اور مجھے انھوں نے یہاں بٹھا دیا۔ میں چاہوں گی آپا جو فرمانا چاہیں، کہیں اور ہم سنیں اور فیض حاصل کریں۔

محترمہ بانو آپا صاحبہ

یہاں نوجوان اور یونیورسٹی کے بچے موجود ہیں، مجھے لگتا ہے کہ میں ایک اور صدی کی عورت ہوں اور میں ایک اور صدی میں میں آگئی ہوں۔ خدا آپ کو خوش رکھے اور ہمیشہ صحیح سوچنے کی توفیق عطا فرمائے۔ میں نے اپنا کیریئر چوتھی جماعت سے شروع کر دیا تھا۔ چوتھی میں پہلا افسانہ ’’فاطمہ‘‘ لکھا اور پھر لکھتی ہی گئی اور راجہ گدھ تک یہ سفر پہنچا۔

سوال:  بانو آپا ! ایک سوال جو بہت بار آپ سے کیا گیا ہے اور آگے بھی لوگ کرتے رہیں گے ۔ ’’راجہ گدھ‘‘ ایک ایسا حیرت انگیزناول ہے، اس کو پڑھنے کے بعد یہ لگتا ہے۔ بہت سے لوگ ظاہر ہے ایک سیکھنے کے پراسس میں ہیں، وہ اس بات کو نہیں سمجھتے کہ کوئی آ کے لکھواتا ہے۔ شروع میں مجھے بہت Doubts تھے جب ابھی لکھنا شروع نہیں کیا تھا، جب قلم کے ساتھ رشتہ قائم نہیں ہوا تھا۔ ابھی ایک جگہ گئی تو وہاں بچوں نے پوچھا کہ لکھیں کیسے؟ تو میں نے کہا پہلے عین کے نام خط لکھو ، پھر ف کے نام خط لکھو، جیسے بچوں کو بہلانے کے لیے کہتے ہیں، لیکن حقیقت یہی ہے کہ جب ہم لکھنا شروع کرتے ہیں، خاص طور پر زبانوں کا تو مجھے علم نہیں، اردو زبان میں واقعی کوئی آکے لکھواتا ہے۔ یہ Experience اس حد تک آپا نے مجھے شیئر کیا۔ یوں محسوس ہوا کہ آکے لکھواتا ہے۔ میں بانو آپا سے معلوم کرنا چاہوں گی کہ وہ جو لکھوانے کی کیفیت ہے کہ کوئی ا ٓکے لکھواتا ہے۔ میرا تو خیال ہے کہ جب ہم قلم لے کر لکھنا شروع کرتے ہیں تو وہ غالب کی جو کیفیت ہے کہ ’’غالب سریر خامہ نوائے سروش ہے‘‘ تو آپا آپ کے یہ Experience کس شکل میں کہ جب آپ نے لکھنا شروع کیا تو آپ کو کیا محسوس ہوا۔ لکھوانے کی جو کیفیت ہے وہ کیسے شیئر کریں گی؟

بانو آپا: دیکھیے! میں اپنے گھر کے باہر لان میں بیٹھی ہوئی تھی، مجھے کہیں سے آواز آئی کہ اٹھو اور لکھو، میں حیران رہ گئی۔ اُٹھو اور راجہ گدھ لکھو۔ میں اٹھ کر اندر چلی گئی۔ میں نے دیکھا کہ ایک کتاب پڑی ہوئی ہے، اس کے اوپر بڑے خوبصورت حروف میں لکھا ہوا تھا راجہ گدھ۔ میں نے قلم اٹھایا اور لکھنا شروع کیا۔ تو میرا یقین کیجیے کہ حرام اور حلال کا کوئی تصور نہیں تھا کہ میں حرام اور حلال کے متعلق کتاب لکھوں لیکن وہ بن گئی اور میری وجہ سے نہیں، مجھ سے لکھوائی گئی جو آپ کے سامنے راجہ گدھ کی صورت میں ثبوت ہے۔ کتاب لکھنی آسان نہیں ہے۔ راجہ گدھ ایک ایسی کتاب ہے جو عام انسان نہیں لکھ سکتا۔ میں اس سے زیادہ آپ سے کیا باتیں کروں۔ معانی چاہتی ہوں۔

آمنہ صاحبہ:    آپا آج مدر ڈے ہے۔ ویسے تو یہ ہمارا تہوار ہے لیکن بہت سے لوگ کہتے ہیں کہ یہ ہمارا تہوار نہیں ہے۔ ہمارے ہاں تو ہر روز مدر ڈے ہوتا ہے۔ صبح ہوتے ہی یہاں سے آغاز ہوتا ہے کہ اٹھ جائو بیٹا اور رات ہوتی ہے تو یہی کہ سو جائو جلدی… لیکن پھر بھی یہ ایک تہوار ہے ، گلوبلائزیشن کا دور ہے، یہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ اثیر صاحب بھی موجود ہیں، بانو آپا بھی موجود ہیں تو میں چاہوں گی کہ اثیر بھائی آپ اور بانو آپا کا ایک مکالمہ ہو جائے۔ ماں بیٹے کا آپس میں جو تعلق ہوتا ہے تو ہمیں ایک دلچسپ صورتحال نظر آئے گی کہ گھر میں بانو آپا جب اثیر بھائی کے ساتھ ہوتی ہیں تو ایک ماں کے طور پر وہ کس طرح ہوتی ہیں؟

اثیر احمد خاں: میں مکالمہ تو ضرور کروں گا اپنی امی کے ساتھ جو کہ ہم نے آپ کو تحفے میں دے دی، ہمیں تو بانو قدسیہ ملی۔ لیکن یہ جو آج ویلنٹائن ڈے یا مدرز ڈے وغیرہ منایا جاتا ہے جو گلوبلی ہمیں inculcate کر دیا جاتا ہے، میں اپنے سامنے پڑھے لکھے لوگوں کو دیکھ رہا ہوں، میں ان سے سوال کرتا ہوں کہ پاکستان بھی کوئی ایسا دن ایجاد کر سکتا ہے جو گلوبلی accepted ہو ، نہیں کر سکتا ہے ناں، ہم 6 ستمبر کو منالیں گے، شب رات منالیں گے، عید منالیں گے بھئی! آپ جوائنٹ فیملی سسٹم ہی منالیں، جو کہ اس وق دن بدن ٹوٹتی چلی جا رہی ہے، ثقافت ٹوٹتی چلی جا رہی ہے، اردو ٹوٹتی چلی جا رہی ہے اور میں تھوڑی سی تنقید ضرور کروں گا، برا نہ منائیے گا، یو ایم ٹی والوں سے معذرت کے ساتھ کہ انوں نے بیٹھک تو ادبی بنادی، اب ادبی تو انگریزی بھی ہو سکتی ہے، فارسی بھی ہو سکتی ہے، ان سے میری گزارش یہ ہے کہ دو بیٹھک بنالیں، ایک ادبی بیٹھک اور ایک دوسری بیٹھک بنالیں، تاکہ کم از کم اپنی شناخت تو ہو سکے کہ ہم اردو جانتے ہیں۔ یو ایم ٹی والوں نے آج صبح بڑی اچھی تلاوت سنائی اور اس کے ساتھ ہی بتا دیا کہ بیٹا، اپنی زبان پر فخر نہ کرنا، نہایت شرمندہ ہونا، مغلوب ہونے کے بعد دکھی ہونا کیونکہ تلاوت کا ترجمہ انگریزی میں سنا رہے ہیں۔

میں بانو قدسیہ، اشفاق احمد ، ممتاز مفتی، اسد اللہ خاں غالب، جن کو بھی لے لیجیے، پہلے تو یہ ڈھونڈنا ہے کہ یہ شخصیتیں انتقال کر کے چلی گئیں، کیا آپ نے اردو کو سنبھالنا بھی ہے کہ نہیں؟ اردو دنیا کی سب سے بڑی زبان ہے لیکن اس کو بولنے میں ہمیں اتنی شرمندگی ہوتی ہے، اتنے ہم مغلوب ہوتے ہیں کہ ہمیں بتایا جاتا ہے کہ بچے کا انٹرویو انگریزی میں ہوگا۔ میرا بیٹا اولیول میں جاتا ہے، سب سے پہلے اردو سے بیزاری کا اظہار کرتا ہے کہ یہ کیا ہے، ہجے نہیں ہوتے۔ میں کہتا ہوں یار! تم تو خاندان کی لاج رکھ لو، کہتا ہے نہیں…

داستان سرائے ادب کا گھر ہے، یہاں ممتاز مفتی بھی آجاتے تھے، قدرت اللہ شہاب بھی آجاتے تھے، پھر چار سال مسلسل رات 8 بجے سے لے کر صبح چار بجے تک باسط علی باسط کی داستان سرائے میں محفل ہوتی تھی۔ تو جب طلاقیں بڑھنے لگیں تو امی نے کہہ دیا، خان صاحب! اب بس کریں تو پھر یہ بیٹھکیں باہر چلی گئیں۔ میں آپ لوگوں سے یہ پوچھنا چاہتا ہوں اب بانو قدسیہ نے اپنا جو کام کرنا تھا کر لیا ہے، ماشاء اللہ نومبر میں ان کی عمر 89 سال ہو جائے گی۔ طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے ہم ان کو پبلک سپیکنگ کے لیے تکلیف نہیں دیتے، ان کی طبیعت خراب ہو جاتی ہے۔

میں اپنی ماں کی پروڈکشن یا مکالمے سے زیادہ اپنی وائس چانسلری دکھا رہا ہوں کہ آپ کو واقعی اردو رکھنی بھی ہے یا نہیں۔ اگر یہی حال رہا تو کچھ عرصے بعد یہ بڑے بڑے نام گم ہو جائیں گے اور آہستہ آہستہ صوفیانہ کلام جس کے اوپر ہم فخر کرتے ہیں، جھومتے ہیں، یہ نہ ہو کہ یہ ذوق ہی ختم ہو جائے۔

ابھی مرزا صاحب نے حضور اکرمؐ کا ذکر کیا کہ جب ان کو بشارت ہوئی تو آپ اُمّی تھے۔ اصل میں اُمّی عربی کا لفظ ہے۔ آپ تمام لوگ جو یہاں بیٹھے ہوئے ہیں، آپ اپنی ماں کے پیٹ سے کچھ سیکھ کے آتے ہیں لیکن آپﷺ اُمّی تھے کہ آپ ماں کے پیٹ سے نہیں سیکھ کے آئے تھے، اس لیے آپ کی ذات کو Indoetrine کرنے میں اللہ کو بہت آسانی تھی۔ آپﷺ کا Personality behaviour آپﷺ کی Personality traits کو بولنے میں جیسے ہی وحی آتی تھی آپﷺ کا لفظ اُسی Track پر چلا جاتا تھا۔ اسی لیے آپ کی بہترین مثال دی جاتی ہے کہ جناب آپﷺ بہترین مثال ہیں قرآن کو follow کرنے کے لیے۔

میں آپ لوگوں کا بہت شکر گزار ہوں کہ آپ نے میری والدہ کی پذیرائی کی۔ میری ماں تو ایسی شفیق ہیں کہ ہماری ایک دفعہ چوری ہوگئی۔ معراج خالد صاحب میرے والد کے بڑے دوست تھے، غالباً وہ اس وقت نگران وزیراعظم تھے۔ پولیس پر دبائو تھا، چنانچہ وہ چور اور سامان کے ساتھ ایک دن ہمارے گھر آگئی۔ صورت حال یہ تھی کہ جتنا ہمارا سامان چوری ہوا تھا اس سے کہیں زیادہ سامان برآمد کر کے ساتھ لے آئی۔ ہم نے کہا بھائی ! یہ سارا سامان تو ہمارا نہیں ہے، آپ زائد سامان لے آئے ہیں۔ ایس ایچ او نے کہا کوئی بات نہیں، آپ رکھ لیں، بس یہاں سائن کر دیں۔

امی نے چور سے کہا کاکا! تم کرتے کیا ہو، اس نے کہا کہ میں لوہار کا کام کرتا ہوں۔ امی نے کہا تم یہاں پہنچے کیسے؟ اس نے کہا میں پہلے چھت پر چڑھا آپ لوگ باہر سوئے ہوئے تھے، میں جالی کاٹ کر اندر آگیا۔ امی نے ایس ایچ کو کہا کہ اس کی ہتھکڑیاں کھول دو۔ ایس ایچ کو جھٹکا سا لگا۔ اس نے کہا کہ آپ یہ کیا کررہی ہیں، ہمنے تو اس کے ساتھ فوٹو وغیرہ لینے ہیں اور آپ اس کی ہتھکڑیاں کھلوا رہی ہیں!!!

امی نے چور کو کھانا کھلایا، اس کو سارا سامان واپس دے دیا، اوپر سے اس کو کچھ رقم بھی دے دی اور کہا کہ جائو اپنے گھر۔ میر ی ماں اس طرح کی ماں ہیں۔ اشفاق احمد اور بانو قدسیہ آسانی سے نہیں بنتے، یہ میرے داتا کی دین ہے۔

بانو قدسیہ:      قدرت اللہ شہاب جب ہماری زندگیوں میں آئے تو ان کے آنے کی وجہ سے ان کے کمرے کا نام کاسنی کمرہ… سارے کمرے کاسنی ہوگئے، ان کا قالین کاسنی ہو گیا اور اس میں کاسنی خوشبو آنے لگی اور کاسنی رنگ کی شعاعیں نکلنے لگیں۔ قدرت اللہ شہاب ہمارے گھر میں آتے تھے تو اثیران کا ڈرائیور ہوتا، اثیر ان کے ساتھ رہتا تھا اور اثیر کو جیسے وہ بنا گئے ہیں، ویسا ہی بن گیا۔

اثیر احمد خان: یہ میرے لیے کافی ہے۔ میرا خیال ہے ان کی طرف سے میں عرض کروں گا۔ داستان سرائے اتنا بڑا گھر ہے کہ میں بتا نہیں سکتا کہ اس کی دیواروں کے اندر کون کون لوگ رہے۔ صادقین ادھر آئے، اشفاق احمد یہاں رہا، ممتاز مفتی ڈرائنگ روم میں ہوتے تھے اور امی کو وہ ’’کاکی‘‘ کہتے تھے، ابن انشا صاحب یہاں آئے اور قیام کیا۔ عالی جی قیام کرتے تھے، صوفی تبسم صاحب اور دیگربڑے بڑے نام داستان سرائے کے مکین رہے۔ اسی سرفراز احمد خان صاحب اور محمد یحییٰ خان صاحب رہے۔یہ طلسماتی لوگ تھے۔ ان کا ایک نام تھا اور اپنے اپنے میدا ن کے شہسوار تھے۔

          بانو قدسیہ کے لیے بس اتنا کہوں گا کہ بانو قدسیہ نے Devotion دی ہے وہ زیادہ دی ہے مرد کو اور عورت کو کم Devotion دی ہے۔ خاص طور پر بچیوں کی اصلاح کرنے کے لیے بتایا ہے کہ اپنے خاوند اور بچوں کی کس طرح سیوا کرنی ہے، زندگی کی حقیقت تک کس طرح پہنچنا ہے۔ خاوند کے سامنے سرنڈر ہونا اور میاں کے سامنے اپنے آپ کو مارنا جو ہے، یہ کوئی بانو قدسیہ سے سیکھے۔ جس طرح اشفاق احمد کی سیوا انھوں نے کی، میں نے دنیا میں آج تک ہوتے نہیں دیکھی۔ یہ بالکل حقیقت ہے کہ ہر بڑے آدمی کے پیچھے اس سے دگنی بڑی عورت ہوتی ہے۔ لیکن اس سے بڑی بات یہ ہے کہ آدمی کی بھی عظمت دیکھیے کہ جس طرح اشفاق احمد نے بانو قدسیہ کو Protection دی، میرا نہیں خیال اتنی پروٹیکشن ہم میں سے کوئی دے۔

          اشفاق صاحب کہتے بانو! میرے کچھ دوست آرہے ہیں، یہ نہیں بتایا کہ کتنے آرہے ہیں، پتا اس وقت چلا جب 45 لوگ آرہے ہیں۔ امی کہتیں، خان جی! بتا تو دیتے، خیر کوئی بات نہیں! اب میں بندوں کو بھی دیکھتا اور چھوٹی سی دیگچی کو بھی دیکھتا تھا کہ لو، آج کام ہو گیا، لیکن آپ یقین کریں کہ 45 بندے بھی کھا گئے، گھر والے بھی کھاتے تھے اور کھنا پھر بھی بچ جاتا… اور اب اگر میں 70 بندوں کو بلائو تو 100 بندوں کا انتظام کرتا ہوں، اور اس کے بعد بھی لوگ کہتے ہیں کہ کھانا کم نہ ہو جائے۔

          تو یہ اللہ کی خاص رحمت اور برکت ہوتی ہے جو کسی کسی کو ملتی ہے۔ بانو قدسیہ میں روحانیت کا پہلو بھی ہے۔ اللہ نے ان کے ہاتھ میں برکت دی ہے۔

          ابو نے زندگی میں ’’بابوں‘‘ کا بہت ذکر کیا ہے، وہ ساری زندگی ’’زاویے‘‘ میں اپنے ’’بابے‘‘ کو چھپاتے رہے۔ بہت سارے لوگ آخر میں کہتے ہیں کہ وہ ’’بابا‘‘ خود ہی تھے۔ بڑے بڑے بابوں کے ساتھ ان کا اٹھنا بیٹھنا تھا۔ زیادہ بڑا ہاتھ قدرت اللہ شہاب کا تھا۔

          ایک دن ابو نے قدر ت اللہ شہاب کو فون کیا کہ شہاب! آج میں فلاں بابا جی کے پاس بیعت کرنے جا رہا ہوں، تو قدرت اللہ شہاب نے کہا کہ اشفاق! یہ نہ کرنا، بیعت تھوڑی مشکل چیز ہے، تیری مہربانی تو نہ جا۔ اور اشفاق احمد نے کسی کی بیعت نہ کی۔ اشفاق احمد بغیر بیعت کے گیا لیکن آپ لوگوں کے لیے ایک اچھی بیعت چھوڑ گیا جو آپ کے نفسوں کے لیے کافی ہے۔ اگر آپ اس کو سمجھیں، اس کو اپلائی کرلیں تو یقینا آپ کے نفس کے لیے کافی ہو سکتا ہے۔

          آج جس طرح دنیا افراتفری اور نفسانفسی کا شکار ہے، تفکرات اور پریشانیوں نے انسانوں کو گھیرا ہوا ہے، اب بھی ایسے لوگ، ایسے بابے موجود ہیں، ان کے پاس چابیاں ہیں جن سے یہ بند تالے کھل سکتے ہیں۔

حفیظ صاحب:  میں اشفاق صاحب کے بارے میں بات کروں گا، اگر اشفاق احمد بانو آپا کے ساتھ شادی نہ کرتے تو تصوف اور روحانیت کی طرف نہ آتے۔ وہ ایک آرٹسٹ ہوتے بلکہ آرٹسٹ تو شاید اتنے اچھے نہ ہوتے لیکن ایک بہت اچھے شومین ضرور ہوتے۔ جہاں تک بانو آپا کا تعلق ہے، یہ بہت بڑی روحانی جادوگر ہیں۔ ایک دفعہ میری ایسی کیفیت ہوگئی کہ مجھے لگتا تھا کہ مر جائوں گا، خود کشی کرلوں گا، بہت زیادہ پریشان رہنے لگا۔ میں بانو آپا کے پاس گیا اور انھیں صورت احوال بتائی۔ انھوں نے مجھے کہا کہ مجھے صرف پانچ منٹ دیں ، اور انہوں نے ایسا جادو کیا کہ الحمد اللہ کہ میں آج بھی آپ کے سامنے زندہ ہوں۔ مجھے جب بھی ملتیں، کہتیں کہ شاعری چھوڑی تو نہیں۔ اشفاق صاحب بھی جب ملتے تو حوصلہ افزائی کرتے۔ یہ دونوں میاں بیوی حوصلہ افزائی اور ہمیت بڑھاتے تھے۔

          بانو آپا سے میرا ایک سوال ہے کہ میں نے ساری زندگی خدا کو بار بار پکارا، خدا کی طرف سے کوئی جواب نہ آیا ، بانو آپا آپ کو کوئی جواب آیا؟

بانو آپا: جواب مجھے بھی آیا، آپ کو بھی آئے گا، خواب کی شکل میں آئے گا، گفتگو کی شکل میں نہیں آئے گا۔

آمنہ صاحبہ:    حفیظ صاحب نے ایسا سوال کیا کہ ہم جیسے لوگ تو لاجواب ہوگئے لیکن جن لوگوں کے درمیان سوال و جواب تھا وہ سمجھ گئے۔ سوال کرنے والے بھی سمجھ گئے اور جواب دینے والے بھی سمجھ گئے۔ میں چاہوں گی کہ ریاض صاحب آپ کچھ ارشاد فرمائیے۔

ریاض صاحب: 1926ء کی بات ہے اشفاق احمد خاں صاحب ریڈیو میں بطور سکرپٹ رائٹرز کے طور پر آئے اور اسی سیکشن میں آگئے جہاں میں کام کرتا تھا۔ چند دن کے بعد ایک ڈاکو مینٹری پروگرام بنانا تھا۔ مجھے کہنے لگے کہ کل دس بجے مجھے فون کر کے یاد دلانا۔ میں نے اگلے دن فون کیا تو ایک خاتون کی آواز آئی۔ میں نے ان کو کہا کہ خاں صاحب سے بات ہو سکتی ہے ۔ خاتون نے کہا، خان صاحب گھر پر نہیں ہیں ، آپ مسیج دے دیں، میں نے فون رکھ دیا۔ چند دن بعد اشفاق صاحب نے پھر مجھے کہا کہ مجھے یاد کرانا۔ میں نے پھر فون کیا تو وہی خاتون فون پر آئیں۔ میں نے پوچھا، خان صاحب تشریف رکھتے ہیں، جواب آیا کہ خان صاحب لائبریری میں ہیں، رات کو فون کر لینا ۔ میں نے پھر فون رکھ دیا۔

          پھر ایک دن اشفاق صاحب نے کہا، مجھے یاد کرانا ۔ میں نے اشفاق صاحب کو بتایا کہ میں جب بھی فون اٹھاتا ہوں تو ایک خاتون کی آواز آتی ہے اور مجھے خاموش کرا دیتی ہیں۔ اشفاق صاحب ہنس پڑے اور کہا وہ قدسیہ ہوں گی۔ آپ ایسا کرو کہ اتوار کو میرے گھر آجائو۔ چنانچہ اتوار کو میں ان کے گھر، جو سمن آباد میں تھا، پہنچ گیا۔ آپا سے ملاقات ہوئی، آپا کو میں نے بہت شفیق، نہایت مہربان اور محبت کرنے والی خاتون پایا۔ پھر ایسا تعلق پیدا ہو گیا کہ اللہ کے فضل سے آج تک قائم ہے۔

          میری بیوی کو السر کی شکایت تھی، بہت علاج کرائے مگر افاقہ نہ ہوا۔ جب میں نے آپ سے ان کاذکر کیا تو فرمانے لگیں، ایسا کرو کہ شام کا کھا نا ہمارے ساتھ کھایا کرو۔ مہینوں ہم شام کو ان کے گھر پہنچ جاتے اور کھانا وہیں کھاتے۔ یقین کیجیے دو یا تین مہینوں کے بعد میری بیوی کی طبیعت ٹھیک ہو گئی۔

          میرے ایک دوست سردار صاحب امریکہ میں رہتے تھے۔ ان دنوں اشفاق صاحب بیمار تھے۔ اشفاق صاحب کو کچھ روحانی مرتبہ بھی حاصل تھا۔ بہت سے لوگ اس بات کو مانتے تھے۔ وہ سردار صاحب جب امریکہ سے لاہور آئے تو کہنے لگے کہ اشفاق صاحب کی خبر لے آئیں۔ چنانچہ ہم دونوں ان کی خبر لینے کے لیے ان کے گھر گئے۔ بانو آپا ہر وقت کچھ نہ کچھ پڑھتی رہتی تھیں۔

          جب ہم ان کے گھر سے واپس آئے تو سردار جی نے راستے میں کہا کہ بات یہ ہے کہ لوگ کہتے ہیں کہ اشفاق صاحب کو کوئی پراپتی(روحانی فیض) حاصل ہوگئی ہے۔ وہ تو میں نہیں جانتا لیکن ایک بات ضرور ہے کہ مائی صاحبہ (بانو قدسیہ) کو پراپتی ضرور حاصل ہے۔

          بانو قدسیہ کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ کسی کو بری خبر نہیں دیتی تھیں۔ اگر دینی ہے تو اچھی خبر دینی ہے۔ ایک بار میں اور میری بیوی شام کو ان سے ملنے کے لیے گئے، اکثر جایا کرتے تھے اور کبھی ایسا نہیں ہوا کہ ہم جائیں اور کھانا کھائے بغیر چلے آئیں۔ مگر اس دن جب گئے تو آپا کو بہت خاموش پایا اور صرف ہاں، ہوں میں جواب دیتی رہیں۔ تھوڑی دیر بعد میں نے کہا کہ ہم چلتے ہیں، انہوں نے کہا ٹھیک ہے اور بغیر کھانا کھائے واپس گھر آگئے۔ میں نے بیوی سے کہا کہ شاید ہم سے کوئی غلطی ہوگئی ہے، آپا ناراض سی لگ رہی تھیں۔ میری بیوی کہنے لگی، ہاں مجھے بھی ایسا لگا۔ بڑی خاموش تھیں۔

          میری بیوی اخبار بینی کی بڑی شوقین ہے، اخبار آتے ہی لے کر بیٹھ جاتیں۔ اگلے دن جب اخبار آیا تو کہنے لگی شہاب صاحب فوت ہوگئے ہیں۔ میں نے کہا اوہو! کل جب ہم ان کے ہاں گئے تو غالباً انھیں اس بات کی خبر تھی۔ ہم اسی وقت ان کے گھر گئے اور پوچھا کہ کل ہم آپ کے گھر آئے تھے، آپ کو شہاب صاحب کی وفات کا علم تھا۔ کہنے لگے ، ہاں معلوم تھا۔ میں نے کہا آپ نے بتایا کیوں نہیں تھا، کہنے لگے ہم نے سوچا کہ صبح خود بخود پتا لگ جائے گا۔ ہم نے سوچا کہ ہم تو جاگ رہے ہیں، ان کی نیند کیوں خراب کریں۔

سوال:  ریاض صاحب! آپ نے ذکر کیا اشفاق صاحب کی یادوں گا، آپ نے اشفاق صاحب کی محبت کا تذکرہ تو کر دیا، میرا اثیر صاحب سے ایک سوال ہے کہ اشفاق صاحب کے بطور لکھاری، بطور خاوند آپا کے کیا جذبات ہیں؟ آپا اس بارے میں کیا فرماتی ہیں؟

اثیر صاحب:    اس سوال کے دو جواب ہیں۔ میری ماں اپنے خاوند کا بڑا خیال رکھتی تھیں، بڑی تپسیا کرتی تھیں میرے والد کی۔ ابو جب لکھتے تھے تو ابو کا ایک پورا نظام تھا، پوری ایک لائبریری تھی، ایسولیشن کا پورا انتظام اور ان کے انہماک میں کوئی مخل نہیں ہوتا تھا۔ بانو قدسیہ جب کوئی تحریر لکھتی تھیں تو ہانڈی میں ڈوئی چلاتے ہوئے تین سطریں میز پر پڑی کاپی میں لکھ لیتی تھیں، استری کرتے ہوئے دو چار سطریں ذہن میں آئیں تو لکھ لیں۔ اگر میری امی سے پوچھیں تو یہ ظاہری بات ہے کہ یہ اپنے میاں کو مانتے ہوئے کبھی یہ نہیں کہیں گی، جب بھی کہیں گی، یہی کہیں گی کہ اشفاق صاحب نے مجھے سکھایا ہے لیکن بالعموم اور بالخصوص چند لکھنے والے تنقید نگار میری ماں کو زیادہ بڑا لکھاری سمجھتے ہیں بنسبت اشفاق احمد کے۔ یہ ان کی محبت اور عقیدت ہے لیکن ابو کی زندگی میں امی جب بھی کوئی تحریر لے کر جاتیں تو ابو کے پاس ہی لے کر جاتیں۔ آپ کو شاید تعجب ہو کہ سارے دوست ممتاز مفتی، اشفاق احمد، بانو قدسیہ ، قدرت اللہ شہاب صاحب، ان سب نے شہرت تو اردو سے پائی لیکن ساری زندگی گھر میں پنجابی بولتے رہے۔

          میرے والد بڑے اچھے لکھاری تھے، اس میں کوئی شک نہیں، بہت بڑے تنقید نگار بھی تھے اور جتنا مطالعہ وہ کرتے تھے میں نے آج تک کسی کو ایسا مطالعہ کرتے نہیں دیکھا جبکہ امی کا مطالعہ اتنا نہیں تھا۔

          یہ بھی بڑی عجیب بات ہے کہ امی نے بی اے تک اردو نہیں پڑھی، امی نے کنیڈ کالج سے جب بی اے کیا اور پھر ایم اے میں داخلہ لیا تو ان کو اردو لکھنی نہیں آتی تھی۔ پھر اشفاق صاحب جو کہ اس زمانے کے حسین نوجوان تھے اور بڑے محفلی آدمی تھے صوفی غلام مصطفیٰ تبسم جیسے بڑے نام ان کے ساتھ بیٹھتے اور چائے وغیرہ پیتے۔ بانو قدسیہ محنتی سٹوڈنٹ تھیں اور ابو ذرا محفلی اور مجلسی قسم کے آدمی تھے۔ جب ایم اے کا نتیجہ نکلا امی فسٹ آگئیں اور ابو سیکنڈ، تو انھوں نے کہا کہ یہ کام کی عورت ہے، اسے گھر ہی لے جائو۔

سوال:  اثیر صاحب! بانو قدسیہ اور اشفاق احمد خاں نے جو کچھ لکھنا تھا، وہ لکھ چکے، آپ ان کے بیٹے ہیں، آپ بھی کچھ لکھیے؟

اثیر خاں:        یہ میری ماں بڑی سادہ سی عورت تھیں ، ان کو چکر دینا بڑا آسان تھا۔ نہ ہمیں باہر کھیلنے کی اجازت تھی، نہ باہر جانے کی اجازت تھی، پڑھائی میں ہم ویسے ہی شکر الحمد للہ ۔ ہمیں عموماً سکول میں کھڑا کر دیا جاتا کہ دیکھو تمہارے ماں باپ اتنے بڑے نام ہیں، اردو کے اتنے بڑے لکھاری ہیں اور اردو میں آپ فیل ہو چکے ہو۔

          میں کچھ تھوڑا سا لکھ سکتا ہوں لیکن یہ اجارہ داری ختم ہونی چاہیے۔ مجھے بہت بڑا پلیٹ فارم ورثے میں ملا ہے، یقین جانیے میں کل لکھنا شروع کر دوں تو بہت سارے لوگ جو واقعی Deserve کرتے ہیں و ہ میرے آگے نہیں آسکیں گے، کیونکہ میرے لیے میرے ماں باپ ایک بڑا پلیٹ فارم بنا گئے ہیں ۔ میں اگر اس کو Catch کروں تو آنے والے بیس سال بے شک بے ہودہ بھی لکھتا چلا جائوں تو لوگ واہ واہ کہیں گے اور یہ بھی صحیح ہے کہ ان میں سے 90 فی صد چاپلوس ہوں گے۔ اس صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے میں پناہ مانگتا ہوں اس کام سے۔

سوال:  بانو آپا! میں کھڑی ہو کر آپ سے بات کرنا چاہتی ہوںکیونکہ آپ اتنی بڑی ہستی ہیں کہ بیٹھ کر بات کرنا مناسب نہیں۔ سب سے پہلی بات یہ کہ اپنی ماں اور محترمہ فاطمہ جناح کے بعد جس ہستی کا نام سجتا ہے وہ بانو قدسیہ ہیں۔ محترمہ فاطمہ جناح کو مادر ملت کہا گیا اور میں انھیں قوم کی ماں کہوں گی۔

          بانو آپا! ایک چھوٹا سا سوال آپ کے صاحبزادے سے کروں گی کہ آپ نے ایک طویل رفاقت اپنے نامور شوہر اشفاق احمد کے ساتھ گزاری، یقینا یہ ایک خوبصورت، نامور اور قابل احترام جوڑا تھا۔ تو میں پوچھنا چاہوں گی کہ اشفاق احمد کے ساتھ ایک طویل رفاقت کے بعد اب بانو آپا کیسا محسوس کرتی ہیں اشفاق احمد کے بعد؟

اثیر خاں:        عموماً جب شادی ہوتی ہے لوگ کہتے ہیں کہ دعا کریں کہ میاں بیوی میں انڈرسٹینڈنگ بہت اچھی ہو جائے ۔ انجینئرنگ کا ایک لفظ ہے۔Synchronization ۔ بانو قدسیہ اور اشفاق احمد کے اندر Understanding کا Element نہیں تھا۔ یہ دونوں Synchromized تھے۔ انڈرسٹینڈنگ کا مطلب ہوتا ہے کہ آپ کو زندگی میں ساتھ ساتھ دکھ بھی برداشت کرنا پڑتی ہے، درگزر کرنی پڑتی ہے، تو میرا خیال ہے کہ ان دونوں کی رفاقت میں مشکلات تو ضرور آئی ہوں گی لیکن وہ بڑی خوش اسلوبی سے انہوں نے طے کرلی، جو آج کل عام طور پر نہیں ہوتیں۔

          رہ گئی دوسری بات کہ آپ نے جن احساسات کا ذکر کیا، آپ کی بڑی مہربانی کہ آپ نے مادر ملت ، محترمہ فاطمہ جناح کی جن کی وساطت سے وطن عزیز میں جی رہے ہیں، کے بعد میری ماں کی شخصیت کو قرار دیا۔ ماں جی کو بہت بڑے بڑے ایوارڈ ملے، انھوں نے بین الاقوامی یونیورسٹیوں کے اردو کے پیپر سیٹ کیے، ساری دنیا پھریں، بہت سارے ایوارڈ ملے، دوحہ ایوارڈ ملا، فلاں ایوارڈ ملا، بے حساب ایوارڈ ملے مگر یہ اعزاز جو آپ نے میری ماں کے لیے کہا سب سے بڑا ایوارڈ ہے۔ میں آپ کا بے حد مشکور ہوں، میرا دل چاہ رہا ہے کہ میں اٹھ کر آپ کو سلام کروں، آپ کا بہت بہت شکریہ!

سوال:  میرا آپ سے سوال ہے کہ ہم آج کی نسل جن کے لیے بانو قدسیہ اور اشفاق احمد جیسے نام آئیڈیل ہیں، ہم ان کو پڑھ کر سیکھتے ہیں، جب انھوں نے پڑھنا شروع کیا بانو قدسیہ، اشفاق احمد یا ان کے دیگر ہم عصر حضرات تھے، وہ کن لوگوں کو پڑھا کرتے تھے یا ان کے آئیڈیل کون تھے، آج کے ادب اور اس وقت کے ادب میں کیا فرق ہے۔ نئے پڑھنے والوں کو کیا مشورہ دیں گے؟

اثیر احمد خاں: باپ آپ کی بجا ہے کہ کسی بھی اچھے لکھاری کا اپنی زندگی میں آئیڈیل ضرور ہوتا ہے لیکن اس میں تھوڑا سا، پتا نہیں آپ اسے نفسیاتی سمجھ لیں یا کچھ اور جیسے ہی ان کا قد نکلنے لگتا ہے وہ Depended کی بجائے Independent ہو جاتے ہیں۔ وہ اپنے اوپر اس آدمی کی چھاپ ڈالنے سے پہلے اپنی چھاپ خود بنا لیتے ہیں۔ امی نے انگریزی میں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔کو بہت پسند کیا اور بہت پڑھا۔ ابو نے بہت سارے بزرگوں کو پڑھا۔ وہ آٹھ زبانیں جانتے تھے ان کو عریبک آتی تھی، فرنچ آتی تھی ، اردو، جرمن اور انگلش آتی تھی۔ صوفیانہ رنگ والے بزرگ ان کو زیادہ پسند تھے اور ان سے متاثر تھے لیکن کلی طور پر ایک ہی آدمی کو فوکس کر دیا جئے، میرے خیال میں ایسا نہیں ہے۔

Leave a comment