محترم ڈاکٹر خورشید رضوی صاحب

          محترم مرزا محمد الیاس صاحب

آپ سب کا میں تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ ہماری درخواست پر آپ حضرات تشریف لاتے ہیں اور بہت عزت بخشتے ہیں۔ آپ کا بہت بہت شکریہ!

ہم نے اکثر سنا ہے’’ثبات اک تغیر کو ہے زمانے میں‘‘ یہ ثبات اور تغیر کی جو کہانی ہے، یہ روزف اول سے چلی ہے اور روزِ ابد تک چلے گی۔ اگر ثبات نہ ہو تو تغیر بے معنی ہے اور اگر تغیر نہ ہو تو ثبات کے صحیح معانی سمجھ نہیں آتے۔ جب انسان دو چیزیں سیکھتا ہے، صرف دو چیزیں کہ صحیح کیا ہے اور غلط کیا ہے۔ یہ بھی دورُخ ہیں ثبات اور تغیر کی طرح ۔ جب انسان یہ سوچتا ہے کہ صحیح کیا ہے اور غلط کیا ہے تو وہ علم کی طرف چلتا ہے۔ جب ہم سمجھتے ہیں کہ صحیح کیا ہے تو ہم یہ بھی سمجھتے ہیں اور سمجھنا چاہتے ہیں اور یہ ہمارا فرض ہے کہ سمجھیں کہ صحیح کیا ہے؟ کہاں ہے؟ کیسا ہے؟ اور جو غلط ہے وہ غلط کیا ہے؟ غلط کس طرح ہے اور غلط کیسا ہے؟

اسی کا دوسرا سوال بھی ہمیں کرنا چاہیے کہ کیا صحیح نہیں ہے اور کیا غلط نہیں ہے؟ جب ہم اس مرحلے سے گزرتے ہیں ، جب ہمیں پتا چلتا ہے کہ کیا صحیح نہیں ہے۔ جس کو میں صحیح سمجھتا ہوں وہ کس حد تک صحیح ہے اور کس حد تک صحیح نہیں ہے تو میرے لیے مزید جستجو کا راستہ کھلتا ہے، میرے لیے مزید جاننے کا راستہ کھلتا ہے، دروازے کھلتے ہیں۔

محترمہ عمرانہ مشتاق صاحبہ

آپ سب کی آمد کا انھوں نے شکریہ ادا کر دیا۔ میں بھی یونیورسٹی پریس فورم کی جانب سے آپ سب کی محبتوں اور آپ کی آمد کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ خاص طور پر الطاف حسن قریشی صاحب اور رئوف طاہر صاحب جو پہلے دن سے ہمارے ساتھ ہیں، آج بھی ہم میں موجود ہیں۔ انھی شخصیات کو دیکھ کر ہمارا حوصلہ جوان ہوتا جا رہا ہے اور بڑی خوشی کی بات ہے کہ پہلے دن سے لے کر آج تک یہ پروگرام بڑا کامیاب رہا۔ آپ کی محبتوں، سہیل کی محنت اور مرزا صاحب کی نگرانی میں یہ سب کچھ بخیروخوبی ہو رہا ہے۔ آپ سب کی آمد کا ایک بار پھر شکریہ۔

ربیع الاول کا شروع ہے، آپ سب کو بہت مبارک ہو۔ 2016ء کا اختتامی مہینہ ہے، اللہ کرے یہ بخیروعافیت گزر جائے اور آئندہ آنے والا سال پاکستان کے لیے اور ہم سب کے لیے خوشیاں لے کر آئے۔

ہمیشہ کی طرح ہم نے بہت اچھی شخصیات کو مدعو کیا جن کو سننے کے لیے، ملنے کے لیے آپ بے تاب ہوتے ہیں، آج بھی ایسی ہی ایک محترم شخصیت ہمارے درمیان موجود ہیں، جناب خورشید رضوی صاحب۔

خورشید رضوی صاحب 1942ء میں امروہہ یوپی انڈیا میں پیدا ہوئے۔ پانچ سال کے تھے کہ پاکستان وجود میں آگیا اور اپنے خاندان کے ساتھ ہجرت کر کے ساہیوال آگئے۔ وہیں سے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ گریجوایشن بھی وہیں سے کی۔ پھر اورینٹل کالج پنجاب یونیورسٹی سے انھوں نے ماسٹرز کیا، عریبک میں پی ایچ ڈی کے بعد بہاولپور میں تدریس سے وابستہ رہے، پھر سرگودھا میں کچھ عرصہ ملازمت کی، اسلام آباد میں بھی پڑھاتے رہے اور پھر ’جی سی‘ میں بطور ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ بہت عرصہ کام کیا۔ لمز کے ساتھ بھی تدریس کے شعبہ میں منسلک رہے اور آج کل بھی ’جی سی‘ کے ساتھ منسلک ہیں۔ آپ کی شاعری کی چھ کتابیں شائع ہو چکی ہیں اور ’’یکجا‘‘ کے نام سے ان کی کلیات بھی منظر عام پر آچکی ہے ۔ ان کے دو مضامین کے مجموعے بھی شائع ہو چکے ہیں۔ ایک نعت اور حمد کا مجموعہ بھی ’’نسبتیں‘‘ کے نام سے آچکا ہے۔

ڈاکٹر صاحب کی اصل اور بہت بڑی پہچان شاعری تو ہے ہی، بہت خوبصورت پہچان اور مضبوط حوالہ ہے لیکن ڈاکٹر صاحب کی ایک اور بڑی پہچان ان کی عربی دانی ہے۔ ظہور اسلام سے قبل عربی ادب کی تاریخ پر مشتمل ڈاکٹر صاحب کی کتاب، جو تقریباً ہزار صفحات پر مشتمل ہے، شائع ہو چکی ہے اور آج کل دوسری جلد پر ڈاکٹر صاحب کام کر رہے ہیں۔ میں چاہوں گی کہ ڈاکٹر صاحب کے بارے میں احمد ندیم قاسمی کی لکھی دو چار لائنیں آپ کے گوش گزار دوں ، انھوں نے لکھا:

’’خورشید رضوی جدید غزل گو ہے مگر وہ اپنی جدت کی نمائش نہیں کرتا، اسے نمائش کی ضرورت بھی نہیں ہے، کیونکہ اس کی جدت تحیرّ کی بجائے موضوع اور الفاظ کی بجائے مفہوم رشتہ رکھتی ہے۔ وہ اپنے رویے اور سوچ کی جدت کی وجہ سے جدید ہے۔ آخر کار اسی نوعیت کی جدت سلسلہ غزل کی ایک ارتقائی کڑی کو مکمل کر رہی ہے اور مستقبل میں آج کے دور کی غزل کی انفرادیت خورشید رضوی جیسے شعرا کی غزلوں سے پہچانی جائے گی۔‘‘

اس سے آپ اندازہ کر سکتے ہیں اور یقیناً ہو گا کہ خورشید رضوی صاحب۔ کتنی بڑی شخصیت کے مالک ہیں اور یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ان شخصیات کے دور میں ہم ہیں۔ہم سب کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ وہ آج ہمارے ساتھ موجود ہیں۔ ہم ان کی گفتگو بھی سنیں گے اور ان کی شاعری سے بھی محظوظ ہوں گے۔ میں دعوت دوں گی ڈاکٹر صاحب محترم کو کہ وہ آئیں اور اپنی گفتگو سے ہم سب کو مستفید کریں۔ انھوں نے اپنی تین کتابیں بھی یونیورسٹی پریس فورم کو گفٹ کی ہیں، ڈاکٹر صاحب! یو ایم ٹی کی جانب سے آپ کا بہت بہت شکریہ!

محترم ڈاکٹر خورشید رضوی صاحب

مرزا محمد الیاس صاحب، عمرانہ مشتاق صاحبہ، جناب الطاف حسن قریشی صاحب، حسن عسکری کاظمی صاحب، رئوف طاہر صاحب اور دیگر تمام خواتین و حضرات ، جن میں سے ہر ایک اپنے استحقاق سے اس بات کے قابل ہے کہ نام بنام مخاطب کیا جائے۔ آپ سب لوگوں کی آمد کا بہت شکریہ۔

میں پہلی بار یو ایم ٹی کی اس نوعیت کی ادبی تقریب میں حاضر ہوا ہوں۔ اس سے پہلے ویسے تو یہاں آنے کا اتفاق ہوا لیکن یہ جو ایک مخصوص تقریب کا آغاز انھوں نے کچھ عرصے سے کیا ہے، اس سے پہلے کبھی حاضر نہ ہو سکا اور مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے کہ یہاں معاشرے کے مختلف جتنے بھی شعبے ہیں ان کی نہایت نمائندہ شخصیات یہاں تشریف لاتی ہیں اور میرے لیے یہ اعزاز ہے کہ میں آپ لوگوں سے ہم کلام ہوں۔

مجھے یہ نہیں بتایا گیا کہ آج مجے گفتگو کتنی کرنی ہے، کس موضوع پر کرنی ہے اور جب یہ کہہ دیا جائے کہ آپ جس موضوع پر چاہیں بولیں تو یہ بہت بڑی مشکل ہوتی ہے۔ سارتھر نے کہا تھا “We are condemn to be free”

’’آزادی بھی ایک سزا ہے‘‘ تو میں اتنی دیر سے بیٹھا ہوا یہ سوچ رہا تھا کہ مجھے کیا کہنا چاہیے لیکن حقیقت یہ ہے کہ میری سمجھ میں کچھ سرا آیا نہیں۔ یونہی الجھی سلجھی Serial جس کو آپ خود کلامیاں کہہ سکتے ہیں، کچھ باتیں کروں گا۔ اس حوالے سے کہ ایک تو یہ تعلیمی ادارہ ہے، دوسرے کچھ عربی کا ذکر ہوا ہے، تو میں نے خود تعلیم کس طرح پائی، عربی زبان کی طرح کس طرح آیا اور شعر و سخن سے دلچسپی کیسے پیدا ہوئی ، اس پر اگر کچھ باتیں میرے ذہن میں آتی جائیں، عرض کرتا ہوں۔

تعلیم کے بارے میں، میں یہ محسوس کرتا ہوں کہ ہر دور میں بہت نمایاں اساتذہ چند ہی ہوتے ہیں۔ یہ خیال کہ پہلے بہت اچھے اساتذہ ہوا کرتے تھے، اب نہیں ہوتے، ہر دور میں ہوتے ہیں لیکن جن کو آپ نمایاں شخصیات اساتذہ میں کہتے ہیں، چند ہی ہوتے ہیں، وہ ہر ادارے میں ایک دو ہی ہوتی ہیں۔ پہلے بھی اتنی ہوتی تھیں، آج بھی اتنی ہوتی ہیں۔ پہلے بھی طلبہ ان کے ساتھ دل بستگی رکھتے تھے آج بھی رکھتے ہیں۔ یہ کہنا بھی غلط ہے کہ اب طالب علم استاد کی عزت نہیں کرتا ۔ طالب علم کے دل میں استاد کی عزت و وقعت موجود رہتی ہے اگر استاد کا، استاد ہونا ان پر ثابت ہو۔

مجھے تو زندگی بھر کبھی یہ شکوہ نہیں ہوا کہ میرے طالب علموںمیں سے کسی نے کبھی کسی نوعیت کی کوئی گستاخی کی ہو، بلکہ میں ان خوش قسمت لوگوں میں سے ہوں جن کو اپنے طالب علموں کی محبت بہت فراوانی سے ملی ہے۔ میرے آغاز کے زمانے میں بہت ہی جلد پڑھانا شروع کر دیا تھا۔ جب میں نے بہاولپور میں پڑھنا شروع کیا تو میری عمر بیس سال سے کچھ کم ہی تھی اور جب میں پڑھانے کے لیے جاتا تھا تو شروع میں مجھے بڑی دقت یہ ہوتی تھی کہ باہر برآمدے میں طالب علموں کے ٹھٹھ لگ جاتے تھے، صرف یہ دیکھنے کے لیے کہ یہ کوئی لڑکا پڑھا رہا ہے۔ اس سے مجھے کلاس کے اندر تو کوئی مسئلہ نہیں ہوتا تھا، چونکہ اپنے مضمون سے دلچسپی رکھنے کی بنا پر میں اپنے طالب علموں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتا تھا، لیکن مسلسل مجھے ایک Disturbance ہوتی رہتی تھی کہ باہر لوگ کھڑے ہیں۔ آخر ایک دن میں ہمت کرکے باہر گیا اور میں نے جا کر ان سے کہا کہ دیکھیں، آپ لوگوں کو میرے بارے میں اگر کوئی تجسس ہے تو آپ کو مجھ سے جو کچھ پوچھنا ہے، پوچھ لیں لیکن کل سے آپ یہاں آکر نہ کھڑے ہوں، اس لیے کہ مجھے پڑھانے میں پھر دقت ہوتی ہے۔ خیر انھوں نے کچھ سوالات کیے کہ آپ کہاں سے آئے ہیں، ایم اے کہاں کیا، کب کیا وغیرہ کر کے چلے گئے لیکن میں جتنا عرصہ بہاولپور میں رہا، ابتدائی چند سال میرے شاگردوں کی ایک بہت بڑی تعداد عمر میں مجھ سے بڑی تھی۔ اور میرے بارے میں وہ شہر میں کچھ لطائف مشہور کرتے تھے۔ مثلاً وہاں ایک چھوٹا سا ہوٹل تھا، اس میں میں بھی کھانا کھانے جایا کرتا تھا۔ کالج کا ایک بڑا ہی شریر سا طالب علم تھا وہ وہاں ایک ڈرامہ کرتا تھا، جو لوگوں نے مجھے بتایا کہ یہ سمگرٹ کا دھواں کلاس میں بند کرتا ہے اور اس کے بعد کہتا ہے ک اس کے اندر جن ہے اور پھر جن کو حکم دیتا ہے، جن کہتا ہے میرے آپا! وہ کہتا جائو اور پروفیسر خورشید رضوی کو اٹھا کر لے آئو۔ تو جن چلا جاتا ہے۔ تھوڑی دیر کے بعد وہ خالی ہاتھ واپس آجاتا ہے اور کہتا ہے کہ میں نے تو جا کر تمام کالج چھان مارا ہے وہاں کوئی پروفیسر اس وقت نہیں ہے ، ایک لڑکا کھڑا ہوا کلاس پڑھا رہا ہے۔ اس قسم کے وہ ڈرامے کرتے تھے۔

بہرحال عرض یہ کر رہا تھا کہ میرے اس زمانے کے طالب علم اب پوتوں، پڑپوتوں والے ہو چکے ہیں اور اب تک ان کا میرے ساتھ ایک تعلق خاطر برقرار ہے، اب تک ان کا کبھی اگر مجھے ٹیلی فون آتا ہے یا مجھ سے ملتے ہیں تو میں ان کی آنکھوں میں وہی محبت دیکھتا ہوں جو میں نے کلاس روم میں بیٹھے ہوئے دیکھی۔ مجھے بھی انسے بہت تعلق خاطر تھا اس پہلی کلاس سے جو میں نے پڑھائی بلکہ مجھے اگر یاد آجائے تو میں نے ان کے بارے میں کچھ شعر بھی کہے، وہ کچھ ایسے تھے کہ؎

وہ عزیزانِ گرامی، وہ میری پہلی کلاس

ان سے میں بینا تھا ، میری آنکھ کے تارے تھے وہ

اور مجھ کو پتھر کر کے ان کا کارواں رخصت ہوا

آسمانِ دل پہ میں ثابت ہوں، سیارے تھے وہ

ابھی راستے میں شہزاد صاحب جب مجھے لینے گئے تھے ، ان کا سنا رہا تھا کہ مجھے کوئی پانچ سات سال پہلے ایک فون آیا، یوں سمجھیے یہ بات کوئی چالیس پنتالیس سال پہلے کی ہوگی جب ان کو میں نے پڑھایا ہوگا، تو ٹیلی فون آیا کہ میرا نام عاشق حسین ہے، آپ شاید آج مھے نہیں پہچان سکیں گے، میں آپ کا شاگرد ہوں۔ تو پرانے شاگردوں سے میرا تعلق خاطر اتنا مضبوط تھا کہ میں نے اس سے کہا کہ نہ صرف میں تمھیں پہچان سکتا ہوں، میں تمھیں اپنی کلاس میں بائیں کی طرف کی نشستوں پہ بیٹھے ہوئے دیکھ سکتا ہوں اور مجھے یہ بھی یاد ہے کہ تمہارے اور میرے درمیان کچھ خط و کتابت رہی تھی، جس میں تمھارا ایڈریس یہ ہوا کرتا تھا۔’’معرفت مکتبہ یارانِ خلیق بہاولپور‘‘۔

وہ بہت حیران ہوا، کہنے لگا، میرا ایڈریس بھی آپ کو یاد ہے!! میں نے کہا آپ سب لوگ میرے دل میں ہیں۔ مجھے چونکہ اپنے شاگردوں سے اسی نوع کی ایک وابستگی رہی ہے، ان کو بھی میرے ساتھ اسی طرح رہی ہے اور اس اعتبار سے میں اپنے آپ کو بہت باثروت محسوس کرتا ہوں کہ میرے پاس بہت سرمایہ ہے ان سب لوگوں کی محبتو ں کا جن کے ساتھ میرا یہ تعلق رہا۔

خود جب میں نے تعلیم پائی تو مجھے Exert کرتے تھے اور میں بھی اپنے طالب علموں سے یہی کہتا ہوں کہ و آپ کو اس قابل بنا دے کہ اپنے طور پہ جا کے اس علم کو برآمد کر سکیں۔

ہمارے استاد کا طریقہ یہ تھا، مثلاً میں ایک چھوٹا سا واقعہ آپ کو سنائوں گا کہ میں ایک دن ان کی خدمت میں حاضر ہوا تو انھوں نے مجھے اردو سے عربی میں ترجمہ کرنے کے لیے ایک ٹکڑا دیا جس کا آغاز ہوتا تھا کہ ’’حاجز کہتے ہیں کہ مجھے ایک عورت کے سوا کبھی کسی نے شرمندہ نہیں کیا۔ میں نے ان سے کہا’’ڈاکٹر صاحب! شرمندہ کرنے کی عربی مجھے معلوم نہیں ہے، آپ مجھے صرف اس کا مادہ بتا دیں، میں اس کا صیغہ بنالوں گا۔ ڈاکٹر صاحب نے کہا، نہیں، یہ خود ڈھونڈو! میں اس وقت فسٹ ایئر کا طالب علم تھا، میں نے کہا سر ! میرے اوپر کوئی الہام ہوگا کہ اس کی عربی کیا ہے ۔ کہنے لگے یہ ڈکشنری پڑی ہے، اس میں سے دیکھ لو، میں نے کہا سر! یہ ڈکشنری تو عربی سے اردو ہے، مطلب یہ کہ میں ساری ڈکشنری دیکھتا چلا جائوں، شاید کسی صفحے پر کوئی لفظ آجائے گا اور اس کا مطلب ہوگا شرمندہ کرنا۔

وہ مجھے ہمیشہ پنجابی میں پڑھایا کرتے تھے۔ میں ایک ایسا آدمی ہوں جس نے پنجابی میڈیم میں عربی پڑھی ہے۔ وہ مجھ سے کہتے تھے ’’نہیں کاکا! ہور ویکھو، کوشش کرو، کچھ سوچو، کچھ نہ کچھ لبھ جائے گا۔‘‘ مجھے بیٹھ بیٹھ کے کوئی دو گھنٹے گزر گئے۔ کچھ بھی نہیں ملا۔ جب میں بڑا تھک گیا تو تھپکی دے کر کہنے لگے۔’’کوئی گل نہیں، کوئی ضرور اج ای کرنا اے،کل سہی، جائو شاباش‘‘۔ اور میں وہاں سے اٹھ کر آگیا۔

میرا مکان ان کے گھر سے کوئی دو میل کے قریب تھا ، رات کے وقت میں تنہا آیا کرتا تھا۔ وہ صرف شوق تھا، اتنی کشش تھی کہ ان سنسان سڑکوں سے گزرتے ہوئے رات کو آتا تھا تو راستے میں کہیں کتے ہیں، کہیں کچھ ہے، بڑی مشکلات تھیں، مگر آج میرے ذہن پر وہ لفظ سوار تھا، شرمندہ کرنا کی کیا عربی ہے، سارے راستے میں سوچتا چلا گیا۔ گھر پہنچا، کھانا کھایا، تب وہی خیال، سو گیا ہوں تو شاید خوابوں میں بھی یہی خیال۔ اگلے دن صبح اٹھ کے میں کالج چلا گیا۔ سارا دن کوئی بات سمجھ میں نہ آئی۔

اگلے روز میں ان کے گھر جا رہا تھا، ان کی وہیں کالج میں بطور وائس پرنسپل کوٹھی تھی، ان کے سبزہ زار میں، میں نے پائوں رکھا تو اس وقت میرے ذہن میں کوئی لفظ نہیں تھا۔ میں سوچ رہا تھا کہ آج بھی وہی ہوگا۔ وہاں دو گھنٹے بیٹھوں گا، اس کے بعد کہیں گے آج ضروری نہیں ہے جائو شاباش، کل سہی۔ لیکن میں نے یہ دیکھا ہے کہ جب آدمی Exertکرتا ہے، اس کے لاشعور میں کہیں کوئی کچھ امکانات بن پڑے ہوتے ہیں جو اس کی زبردست Exertion سے یا محنت سے نکل آتے ہیں۔ مجھ پر ایک فلیش کی طرح ، بالکل جیسے کوئی کوندا لپک جاتا ہے، اچانک خیال آیا کہ ہم نے دسویں جماعت میں سرمایہ اردو، پڑھی تھی جس کو حافظ محمد شیرانی صاحب نے مرتب کیا تھا، بڑے کمال کی کتاب ہوا کرتی تھی۔ 30,32 سال یہاں وہ نصاب میں چلتی رہی، پر پتا نہیں، کیوں اس کو نصاب سے نکال دیا گیا۔ اس میں میر انیس کی صبح کے سماں پر پوری ایک نظم تھی جس کا ایک شعر تھا؎

ہیرے خجل تھے، گوہر یکتا نثار تھے

پتے بھی ہر شجر کے جواہر نگار تھے

تو میں نے سوچا اہو، ہیرے خجل تھے، یعنی شرمندہ تھے، اس کا مطلب یہ ہوا کہ یہ ’’خجل‘‘ جو لفظ ہے یہ ضرور عربی کا لفظ ہے، اس کی ساخت بتا رہی ہے۔ تو جناب، میں وہاں سے کمرے میں پہنچا۔ انھوں نے مجھے دیکھتے ہی کہا’’لبھ لے آندا ای ‘‘ سو میں نے کہا’’جی لبھ لے آندا اے‘ انھوں نے کہا ’’کی لبھیا ای‘‘ میں نے کہا جی خ، ج، ل میں سے صیغہ نکالنا ہے۔ اچھا جتنا وہ مشقت میں ڈالتے تھے، اتنی وہ حوصلہ افزائی بھی کرتے تھے۔ وہ کرسی سے اٹھ کے کھڑے ہوگئے اور انھوں نے مجھے گلے سے لگا لیا۔ اس کے بعد کہنے لگے کہ تو بندہ ہیں کہ جن ہیں۔ میں نے کہا ’’جی جناں والا کم سی تو مینوں تسی کیوں دتا سی‘‘۔

تو یہ ان کا طرز تدریس تھا کہ وہ کلاس روم میں جب آتے تھے تو بالکل نصاب کے مطابق پڑھاتے تھے مگر جب گھر پر میں ان کی خدمت میں حاضر ہوتا تھا تو نصاب کی کتاب کو ہاتھ لگانا حرام تھا، سب کچھ انھوں نے خود ہم سے کرانا ہے۔ تو اس طریقے سے میں نے ان سے چار برس تقریباً وہاں پڑھا، اس کے بعد وہ لاہور تشریف لے آئے، یہاں وہ گورنمنٹ کالج لاہور میں ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ تھے، پھر وائس پرنسپل بھی ہوئے، پھر پرنسپل بھی نائٹ شفٹ رہے اور پھر اورینٹل کالج ایم اے عربی کے لیے پہنچا تو اس وقت بھی وہ یہیں تھے۔ دو برس پھر میں نے یہاں ان سے پڑھا۔ پھر میں روزانہ بھاٹی دروازہ ان کے گھر جاتا تھا اور روزانہ ان سے سبق لے کے آتا تھا۔

اس تمام کے نتیجے میں انھوں نے مجھے اس قابل کر دیا کہ وہ اردو میں اگر لیکچر دیتے تھے تو میں عربی میں اس کے نوٹس لے لیتا تھا۔ یہ ساری داستان میں نے اس لیے عرض کی کہ آزاد تلاطم خیال کے تحت جو چیز ذہن میں آگئی وہ میں آپ سے عرض کرتا جا رہا ہوں۔ دوسرے اس لیے کہ آج کے طالب علم میں، میں نے یہ دیکھا ہے کہ ہماری جو نئی نسل ہے اس میں ایک چیز پیدا ہوگئی ہے کہ They are very brittle بڑی جلد ٹوٹ جاتے ہیں، جلدی سے discourage ہو جاتے ہیں اور وہ بڑے بے صبرے ہیں کچھ چیزوں کے اندر، حالانکہ صلاحیت غالباً ہم سے کہیں زیادہ ہے، کیونکہ ظاہر ہے کہ انسان کے علم کا جو Sum told وہ بڑھتا چلا جا رہا ہے، بلکہ یہ جتنی نئی چیزیں آرہی ہیں، محیرالعقول انٹرنیٹ ہے، موبائلز ہیں، پھر موبائلز کی بھی اعلیٰ نسلیں ہیں جن کو میں ہینڈل ہی نہیں کر سکتا۔ میرا پوتا اس کو بڑی آسانی سے handle کر سکتا ہے۔ مجھے آج تک یہ نہیں پتا چل سکا کہ یہ جو مختلف گاڑیاں ہیں، ان کے کیا نام ہوتے ہیں، کون سی گاڑی مرسڈیز ہے ، کون سی گاڑی فلاں ہے ۔ یقین کیجیے مجھے اس بارے میں کچھ علم نہیں۔ نہ کپڑوں کے بارے میں پتا چل سکا کہ کون سا کپڑا ہے، جو گھر والوں نے لاکے بنا دیا وہ میں نے پہن لیا اور گاڑی کے بارے میں میرا تصور بس اتنا ہے اگر گاڑی میں آپ بیٹھ جائیں اور وہ آپ کو اٹھا کر کہیں لے جائے تو وہ گاڑی ہے بس۔ ایک آنے جانے کا ذریعہ، اچھی کیا ہوتی ہے بری کیا ہوتی ہے، لیکن میں دیکھتا ہوں کہ جدہ میں، رئوف طاہر صاحب تو ہمارے گھر میں جاتے رہتے ہیں، میرا پوتا حمزہ ابھی تو خیر بڑا ہو گیا ہے، اس وقت اس کی عمر میرے خیال میں 4 برس ہوگی، ان تمام گاڑیوں کو جاتے ہوئے دیکھتا تو کہتا کہ یہ فلاں گاڑی جا رہی ہے، یہ فلاں گاڑی جارہی ہے۔ تو جدید نسل کی صلاحیتوں میں بعض Dimension ایسی ہیں جو ہم لوگوں کے پاس نہیں تھیں اور آج بھی نہیں ہیں، لیکن یہ جو صبر آزمائی سے گزرنا ہے، آپ اس کو یہ کہیں کہ بھائی رگڑا کھائو کچھ عرصہ تو وہ یہ کھانے کے لیے تیار نہیں ہوتے، وہ جلدی اُکتا جاتے ہیں، ان کو بڑی تیزی ہوتی ہے اور خیال کرتے ہیں کہ ریڈی میڈ علم دیںہمیں۔ تو یہ چیز میرا خیال ہے ان کو پختہ نہیں ہونے دیتی چیزوں کو اس کی گہرائی میں۔

اب بھی رات دن میں یہی تدریس کا کام کرتا ہوں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ تدریس میری گھٹی میں ہے۔ میں نے شروع دن سے بچپن میں جب کھیل بھی کھیلے تو اس میں مجھے اگر کوئی استاد بنا دیتا تھا تو میں بہت خوش ہوتا تھا اور زندگی میں مجھے یہی پیشہ پسند تھا۔ جیسا کہ میں عرض کر چکا ہوں، بہت کم عمر میں تدریس شروع کی تھی تو اس وقت یہ جو سی ایس ایس اب کہلاتا ہے، اس وقت سی ایس پی کہتے تھے، مقابلے کے جو امتحان ہوتے ہیں، ان کے تمام پورے کے پورے جو چانسز تھے وہ میرے پاس تھے اور الحمد اللہ میرا تعلیمی کیریئر بھی اچھا تھا لیکن میں کبھی اس مقابلے کے امتحان میں بیٹھا ہی نہیں اور میرا خیال ہے کہ آج بھی مجھے اپنی زندگی کو دوبارہ گزارنے کا موقع دیا جائے تو میں تدریس ہی کا پیشہ اختیار کروں گا۔ آج بھی اسی میں مشغول ہوں اور ریٹائرمنٹ کے بعد بھی جی سی یونیورسٹی نے مجھے، جس طرح ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ہوتا ہے، ان کاایک رینک ہے distinguished پروفیسر کا۔ اس پر انھوں نے مجھے متعین کر رکھا ہے۔ میں اب بھی ہفتے میں دو دن جاتا ہوں اور ایم فل کلاس وہاں پڑھاتا ہوں، باقی دن اپنے لکھنے پڑھنے میں مصروف رہتا ہوں۔

اپنی سب سے بڑی خوش قسمتی میں یہ سمجھتا ہوں کہ ایک تو طبیعت میں اللہ تعالیٰ نے قناعت مجھے عطا کی، مجھے جتنی چیزیں بھی حاصل ہوئیں وہ اللہ کی دین ہے، اس نے مجھے دے دیں لیکن مجھے ان میں بیشتر چیزوں کی کبھی خواہش نہیں ہوئی۔ جب میں سائیکل پہ آتا جاتا تھا نہایت خوش رہتا تھا اور کبھی مجھے خیال نہیں آیا کہ میرے پاس گاڑی ہونی چاہیے، بالکل نہیں، بلکہ سائیکل پر جتنا اپنے آپ کو آزاد محسوس کرتا تھا، زندگی میں کسی چیز سے اگر مجھے پیار ہے تو وہ آزادی ہے ، جس چیز میں جتنی زیادہ آزادی ہو، اتنا ہی زیادہ خوش ہوتا ہوں۔ تو یہ سب چیزیں ملتی چلی گئیں، اور میں محسوس کرتا ہوں کہ مجھے میرے حق سے کہیں زیادہ چیزیں دنیا میں اور سب سے بڑا سرمایہ یہی ہے کہ مجھے دوستوں کا، اپنے شاگردوں کا ایک بہت پیار اور محبت مجھے نصیب ہوئی۔

میں جب زیادہ گفتگو کر چکوں تو آپ مجھے بتا دیجیے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جو تدریسی لوگ ہوتے ہیں ان کے اندر یہ خامی ہوتی ہے کہ جب بولنا شروع کر دیتے ہیں تو انھیں یہ پتا نہیں چلتا کہ اب بہت زیادہ ہو گیا ہے، البتہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ میں ہمیشہ ایک فقرہ کہتا ہوں کہ آدمی کو ہمیشہ بولنے پر ہی قادر نہیں ہونا چاہیے، اس کا رُک جانے پر بھی قادر ہونا چاہیے۔ تو میں اس کو یہیں روکتا ہوں۔ آپ سے ایک طرح کی خود کلامیاں میں نے کرلیں۔

سوال:  سر! یہ ضرور سنا دیجیے کہ وہ جو میانوالی میں غالب کا مصرعہ ’’بیٹھے رہے تصورِ جاناں کیے ہوئے‘‘

جواب: جی ہاں! ہمارے ایک بزرگ تھے، وہ کہا کرتے تھے کہ بھئی یہ جو غالب کا مصرعہ ہے ’’بیٹھے رہے تصور جاناں کیے ہوئے‘‘ تو اس میں بڑی exertion ہے۔ بیٹھے رہنا۔ تو کہنے لگے میں اگر کہوں تو میں کہوں گا ’’لیٹے رہے تصورِ جاناں کیے ہوئے‘‘

سوال:  ادب کے حوالے سے کوئی بات ہو جائے؟

جواب: ادبی صلاحیت کا جہاں تک تعلق ہے کوئی دور بھی اس سے خالی نہیں ہوتا۔ آج بھی نئی نسل کے لوگوں میں ادبی صلاحیت اسی طرح موجود ہے، فرق صرف یہ ہے کہ وہ جو ایک ٹرپننگ ہوتی تھی جس میں آپ کو یہ بتایا جاتا تھا کہ آپ اردو اور ہندی کے لفظ کو ترکیب فارسی اور ہندی کے لفظ کو ترکیب نہیں کر سکتے، اس میں آپ فارسی اور عربی کے لفظ میں ’’ال‘‘ نہیں لگا سکتے۔ اسی طرح کی دیگر تمام چیزیں ، کون سے لفظ کو کہاں بٹھایا جاتا ہے ، یہ جو دروبست کی ایک تعلیم تھی، اس تعلیم میں کمی ہوگئی ہے، تو اس نوعیت کی غلطیاں کہیں کہیں کرتے ہیں، مگر میں سمجھتا ہوں کہ شاعر ہونا عالم ہونے سے مختلف چیز ہے، صرف علم کی بنیاد پر شاعری نہیں کی جاسکتی۔ جس شخص میں شعر گوئی کا ملکہ قدرتی طور پر نہ ہو، آپ اس کو کتنا ہی بڑا عالم بنا دیں وہ دو مصرعے اچھے نہیں لکھ سکتا۔ اسی طرح سے تازگی یا تخلیقی قوت جو ہوتی ہے وہ آدمی میں خداداد ہوتی ہے، وہ صرف پڑھنے لکھنے سے نہیں آسکتی اور تخلیقی قوت اگر نہ ہو تو مصرعہ پرانا رہتا ہے۔ پرانا اور نیا زمانی چیزیں نہیں ہیں۔ آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ سو سال پہلے جو بات کہی گئی تھی وہ پرانی ہے اور جو آج کہی جا رہی ہے وہ نئی ہے، ایسا نہیں ہے۔ آج بھی لوگ پرانی چیزیں لکھتے ہیں اور سو دو سال بھی لوگ نئی چیزیں لکھتے تھے۔ اب وہ سراج اورنگ آبادی کی مشہور غزل ہے؎

خبرِ تحیرِّ عشق سُن، نہ جنوں رہا نہ پری رہی

نہ تو رہا نہ میں رہا جو رہی تو بے خبر ہی رہی

          یہ غزل آپ بتائیے ، کیا یہ پرانی غزل ہے؟ یہ غزل کبھی پرانی نہیں ہو سکتی۔ اور آج جو ہمارے ادبی رسائل میں کلام چھپتا ہے کیا وہ سب کا سب نیا ہوتا ہے، نہیں ہوتا نیا، اس میں کہیں کہیں کوئی نئی چیز ہوتی ہے اور جو نئی چیز ہوتی ہے وہ آپ کے ذہن پر بیٹھ جاتی ہے۔ آج بھی ادبی ٹیلنٹ سے میں بالکل مایوس نہیں ہوں صرف ادبی ٹیلنٹ کو تھوڑا سا اس کی grooming کی ضرورت ہوتی ہے۔ وہ grooming اب کم ہوتی چلی جاتی ہے، اس لیے کہ اب اساتذہ ہی میسر نہیں رہے جو اس کو بتا سکیں، کچھ عروج کے بنیادی مباحث بتا سکیں، کچھ ان کو زبان و بیان کی کچھ چیزیں بتا سکیں، کچھ دروبس کے طور طریقوں سے آگاہ کر سکیں۔ تو یہ والی جو جانب ہے وہ تھوڑی سی کمزور ہوگئی ہے لیکن ان کے ٹیلنٹ میں کوئی شبہ نہیں ہے۔ آج کل نئے لکھنے والوں میں بے شمار لوگ ہیں ، جن کا جب میں کلام پڑھتا ہوں تو مجھے بالکل حوصلہ افزائی ہوتی ہے کہ ادب زندہ ہے اور زندہ رہے گا ان شاء اللہ۔ غزل کی صنف یھب بہت سخت جان صنف ہے ، اس کی موت کا کئی مرتبہ اعلان ہوا، کسی نے اس کو وحشی صنف ِ سخن کہا، کسی نے کہا کہ چل نہیں سکتی، زندہ نہیں رہ سکتی، لیکن یہ ایک ایسی صنف ہے کہ ہر چالیس پچاس سال کے بعد ایک نئی کروٹ لیتی ہے اور ایک نیا آدمی آتا ہے جو اس کی اور ہی ڈلر پہ ڈال دیتا ہے، معلوم ہوتا ہے اس سے پہلے جو غزل کہی جا رہی تھی وہ کچھ اور تھی اب کچھ اور ہوگئی۔ اب علامہ اقبالؒ کو دیکھ لیجیے، علامہ اقبال جیسا محیّرالعقول آدمی آپ کو دنیا میں نہیں ملے گا۔ جہاں تک ان کے ادبی کمالات کا تعلق ہے، انھوں نے اردو کی غزل کی منقلب کر دیا، بالکل اقبال کی غزل ایک جہانِ نو ہے، اک نئی دنیا ہے بالکل جس میں آپ کو اس نے پہنچا دیا۔

ادب کے حوالے سے یہ کچھ باتیں تھیں، اسی طرح کچھ ہمارے دیکھیں اردو کا بڑا مسئلہ رہا ہے، اب اردو کے ساتھ عجیب و غریب واقعہ یہ ہے کہ انگریز کے زمانے میں جو کارروائیاں اردو میں ہوتی تھیں، اب وہ انگریزی میں ہوتی ہیں۔ میں انگریزی کے بالکل خلاف نہیں ہوں، مجھے انگریزی ادب سے بڑا شغف ہےKeats ہو اور شیکسپیئر ہو، اس کو پڑھنے میں مجھے اتنا ہی لطف آتا ہے جتنا غالب کو یا میر کو پڑھنے میں آتا ہے لیکن میں یہ کہتا ہوں آپ نے انگریزی میں بات کرنی ہے تو انگریزی میں کریں ، آپ آدھ پون گھنٹہ انگریزی بولیں اور اردو بولنی ہے تو اردو بولیں۔ ہاں اردو زبان میں یہ کچھ ضرور موجود ہے کہ یہ غیر زبانوں کے الفاظ اپنے اندر جذب کر سکتی ہے ۔ چنانچہ ہر لفظ انگریزی کا اردو سے نکال دینا بھی ضروری نہیں ہے۔ اب ہم روز بولتے ہیں ، فیل ہو گیا، پاس ہو گیا، کالج ہے، یونیورسٹی ہے، تھرما میٹر ہے، ریڈیو ہے، ٹیلی ویژن ہے ۔ ان الفاظ کو اردو سے نکالنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے لیکن یہ مجھے ضرور تکلیف ہوتی ہے جب کوئی کہتا ہے، یہ ذرا ٹیبل ادھر کر دیں، اس چیئر کو آگے لے آئیں، ڈور بند کر دیں۔ ہمارے ہاں کرسی، میز، دروازہ کتاب سب کچھ موجود ہے۔ بچے آتے ہیں، وہ کہتے ہیں، یہ میری بک ہے۔ میں سوچتا ہوں کہ ہم اپنی زبان کے ساتھ بہت بڑی زیادتی کر رہے ہیں اور اپنی زبان کو ہم کھوتے چلے جا رہے ہیں۔ دیکھیے! آپ کے اپنے خیالات چاہے کچھ بھی ہوں، جو ماحول ہوتا ہے وہ اثر انداز ہوتا ہے۔ میں خود دیکھتا ہوں کہ میں کہیں جاتا ہوں تو میں لوگوں سے بات کرتے ہوئے بے شمار لفظ انگریزی کے بولتا ہوں، اس کی وجہ کیا ہوتی ہے کہ میں محسوس کرتا ہوں کہ ان کو اس لفظ کے سمجھنے میں آسانی ہے، حتیٰ کہ آپ رکشہ ٹیکسی میں بیٹھے ہوئے ہوں، اگر اسے کہیں دائیں مڑو، بائیں مڑو تو اس کو اتنی اچھی طرح سمجھ میں بات نہیں آتی جتنا کہیں لیف جائو، رائٹ جائو۔

          یہ ویسا ہی حادثہ ہے کہ رنگوں کے نام گم ہوگئے، حالانکہ اردو میں جتنے رنگوں کے نام ہیں ، انگریزی میں ہیں ہی نہیں۔ آپ جوش کو پڑھیں ناں…

           اک گوشہ اگر نی ہے تو اک گوشہ چمپائی

          اک گوشہ کرتھائی ہے تو اک گوشہ جامنی

          یعنی وہ جامنی اور اگرنی اور کرتھائی اور ادوا اور دھانی… اتنے رنگ تھے کہ جن رنگوں کی شناخت انگریزوں کوبھی نہیں۔ انھیں اگر آپ جا کے کہیں یہ دوپٹا دھانی رنگ دیں تو اس کی سمجھ میں نہیں آتا کہ دھانی سے کیا مراد ہے، اودا کیا ہوتا ہے، نودے اور نیلے میں کیا فرق ہے۔ یوں ہم نے اپنی زبان کی جو باریک تہیں تھیں، ان کو خود ترک کر دیا اور ایک بہت بڑی ثروت سے ہم خود بخود دست بردار ہوگئے۔ زبان انسان کی شناخت ہوتی ہے۔ دنیا میں کوئی قوم ایسی نہیں ہے جو اپنی زبان کو اس طریقے سے توڑ ڈالے۔ میں حیران ہوں کہ ٹیلی ویژن پر کہا جاتا ہے ناظرین، اب ’’وئیرز‘‘ کہنے لگے ہیں ۔ ریڈیو پر سامعین کہا جاتا تھا، اب ’’لسزز‘‘ کہنے لگے ہیں، آخر کیا مسئلہ ہے؟ یہ سوائے احساس کمتری کے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ لہٰذا انگریزی ضرور پڑھیں اور اردو میں بھی ایک خاص حد تک انگریزی کی آمیزش بھی درست ہے، کیونکہ اردو کے مزاج میں ان کو قبول کر لینا ہے مگر انگریزی کی بھرمار کرنا ، ’’لیکن‘‘ کی جگہ اب لوگ بیچ میں بولتے ہیں But تو میں سوچتا ہوں کہ بٹ صاحب کہاں سے آگئے۔ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

          خیر مرا خیال ہے کہ میری جو بے سمت اور بے جہت گفتگو ہے وہ خاصی لمبی ہوگئی ہے۔ معذرت خواہ بھی ہوں، کافی وقت میں نے آپ کا لیا ہے۔ کچھ شعر میں سنا دیتا ہوں۔ چند شعر غزل کے عرض کرتا ہوں:

سب کہے دیتی ہے اشکوں کی روانی افسوس

راز دل میں ہے کہ چھلنی میں ہے پانی افسوس

پیش آئینہ لبھاتا ہے بڑھاپے کا وقار

ہم نہیں کہتے کہ افسوس کہ جوانی افسوس

اور قید تنہائی ہے یکتائی میں زندہ رہنا

دل پہ افسوس کہ رکھتا نہیں ثانی افسوس

اور تم نے اہل خرد چھان لیے ہفت افلاک

خاک ویرانہ دل کی نہیں چھانی افسوس

صبح ہوتے ہمیں دیکھا تو بھلا کیا دیکھا

اب کہاں آخر شب کی وہ روانی افسو

          ایک غزل اور عرض کرتا ہوں:

لیا ہے خاک میں خود کو ملا ، ملا نہیں کچھ

یہ کارِ زیست عبث ہے یہاں رکھتا نہیں کچھ

سخن وری بھی فقیری بھی پادشاہی بھی

سب ایک آگ میں جھونکے گئے بچا نہیں کچھ

یہ گردبادِحوادث ہے کس کو چھوڑتی ہے

یہ تندسیلِ زمانہ ہے دیکھتا نہیں کچھ

زمیں لرز اُٹھے گی آسمان گر پڑے گا

ہزار طرح کے اندیشے تھے، ہوا نہیں کچھ

نہ گنبدوں میں صدا ہے نہ آئینوں میں شبیہ

گئے ہم ایسے کہ اب دور تک بچا نہیں کچھ

جو دل میںرہتا ہے ہاتھوں نے اس کی تصویریں

بدل بدل کے بنائیں مگر بنا نہیں کچھ

اور کچھ ایسے لوگ بھی ترے آسانے پر

جو آستانے کے عاشق ہیں، مدعا نہیں کچھ

تمام عمر خاموشی کے بعد حاصل عمر

کہا تو ہم نے کسی نے مگر سنا نہیں کچھ

……………

یہ جو ننگ تھے یہ جو نام تھے، مجھے کھا گئے

یہ خیال پختہ جو خام تھے، مجھے کھا گئے

کبھی اپنی آنکھ سے زندگی پہ نظر نہ کی

وہی زاویے کہ جو عام تھے مجھے کھا گئے

میں عمیق تھا کہ پلا ہوا تھا سکوت میں

یہ جو لوگ محو کلام تھے، مجھے کھا گئے

وہ نگیں جو حاتمِ زندگی سے کھیل گیا

تو وہی جو میرے غلام تھے، مجھے کھا گئے

یہ عیاں جو آبِ حیات ہے اسے کیا کروں

کہ نہاں جو زہر کے جام تھے مجھے کھا گئے

وہ جو مجھ میں ایک اکائی تھی وہ نہ جڑ سکی

یہی ریزہ ریزہ جو کام تھے، مجھے کھا گئے

میں وہ شعلہ تھا جسے دام سے تو ضرر نہ تھا

وہ جو وسوسے تہہ دام تھے، مجھے کھا گئے

جو کھلی کھلی تھیں عداوتیں مجھے راس تھیں

یہ جو زہر خند سلا تھے، مجھے کھا گئے

          آخر میں ربیع الاول کی مناسبت سے ایک غزل آپ کی خدمت میں عرض کرتا ہوں:

اپنے باطن کے چمن زار کو رجعت کر جا

دیکھ اب بھی روشنِ دہر سے وحشت کر جا

مانتا جس کو نہ ہو دل وہ عمل خود پہ گزار

جو فسانہ ہے اسے چھو کے حقیقت کر جا

اور سر کٹایا نہیں جاتا ہے تو کٹ جاتا ہے

بات اتنی ہے کہ اس کام میں سبقت کر جا

جہاں سے آگے بھی بہت روشنیاں ہیں خورشید

اک ذرا جہاں سے گزر جانے کی ہمت کر جا

…………………

فشار دل پہ پڑھا پھر مدینہ یاد آیا

میانِ شورش طوفان سفینہ یاد آیا

میں اپنے آپ سے باہر خراب تھا

کہ مجھے جو مرے دل میں نہاں خزینہ یاد آیا

اور لحد میں جب پوچھی گئی جب مجھ سے شناخت میری

وہ نام مجھ کو مثالِ نگینہ یاد آیا

ہوا نہ خطہ جنت میں بھی کبھی ایسا

کہ مجھ کو خطہ شہر مدینہ یاد آیا

وہ رات اور وہ روضے کا قرب اور میرا دل

ٹھہر ٹھہر کے وہ لطفِ شبینہ یاد آیا

نہاں نظر سے تہہ خاک جگمگاتا ہوا

ہمیں بقیع میں کیا کیا دفینہ یاد آیا

نظر سے جب بھی یہ تقویمِ روز و شب گزری

ہمیں بہار کا پہلا مہینہ یاد آیا

بڑا ہجوم تھا یادوں کا عرصہ دل میں

وہ یاد آگئے تو پھر کوئی نہ یاد آیا

اور کسی بھی عطر کی خوشبو مشام میں نہ جچی

ہمیں جب ایک معطر پسینہ یاد آیا

Leave a comment